بہاولپور:رجسٹری کلرک،پٹواری کے گٹھ جوڑ سے کروڑوں کی کرپشن

بہاولپور (سپیشل رپورٹر) بہاولپور رجسٹری برانچ بہاولپور میں سال 2021 تا 2024 کے دوران مبینہ طور پر ہونے والی سنگین بے ضابطگیوں اور کروڑوں روپے کے سرکاری نقصان کا سکینڈل سامنے آ گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق رجسٹری کلرک نوازش علی اور پٹواری اکبر علی کے گٹھ جوڑ سے نہ صرف حکومت پنجاب اور حکومت پاکستان کو فیسوں کی مد میں بھاری نقصان پہنچایا گیا بلکہ متعدد رجسٹریوں میں بوگس ایف بی آر رسیدات لگا کر انہیں منظور بھی کرایا گیا ۔ ایف آئی اے میں دائر شکایت پر سماعت ہونے کے دوران صرف ایک رجسٹری کی اصل ایف بی آر فیس جمع ہونے کا انکشاف ہوا، جبکہ باقی تمام رجسٹریوں میں جعلی اور فرضی رسیدات لگائی گئی تھیں۔ درخواست فائل ہونے کے بعد رجسٹری کلرک نوازش علی نے مبینہ طور پر اپنے اثر و رسوخ استعمال کرتے ہوئے کارروائی رکوانے کی کوششیں تیز کر دیں۔بتایا گیا ہے کہ اکبر پٹواری کی مکمل ملی بھگت سے سرکاری شیڈول کے برخلاف بغیر کلونیشن فیس، خالی پلاٹ ظاہر کر کے، اور بوگس ایف بی آر/سی پی آر لگا کر متعدد رجسٹریاں منظور کی گئیں جن سے سرکاری خزانے کو لاکھوں نہیں بلکہ کروڑوں روپے کا نقصان پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ عوامی و سماجی حلقوں نے کمشنر بہاولپور، ڈی سی بہاولپور اور اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اس سنگین معاملے پر فوری تحقیقات شروع کی جائیں، تمام ریکارڈ کا ایف بی آر آرڈر کروایا جائے، اور ایک جے آئی ٹی تشکیل دے کر کلونیشن فیس، ایف بی آر ٹیکس اور دیگر سرکاری واجبات میں ہونے والی ممکنہ کرپشن کی جامع تحقیقات کی جائیں۔اس حوالے سے نوازش علی سے رابطہ کیا گیا ان کا کہنا تھا کے خبریں لگانے سے میرا کچھ نہیں ہوتا میں اوپر تک پیسے دیتا ہوں زیادہ سے زیادہ یہ ہوگا میرا تبادلہ ہو جائے گا میری جگہ کوئی اور جائے گا لیکن میرے خلاف اتنی اسانی سے کوئی کاروائی نہیں ہو سکتی آپ جتنی مرضی خبریں لگا لیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں