اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے محرم الحرام میں امن و امان کے حوالے سے علمائے کرام کے ساتھ ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے پاک بھارت کشیدگی اور ایران کی حالیہ کامیابیوں سے متعلق اہم انکشافات کیے۔
اجلاس میں وزیر مملکت طلال چوہدری، رویت ہلال کمیٹی کے سربراہ مولانا عبدالخبیر آزاد سمیت دیگر ممتاز مذہبی رہنما شریک ہوئے۔ محسن نقوی نے کہا کہ ملک میں قیام امن میں علمائے کرام کا ہمیشہ کلیدی کردار رہا ہے، اور اس سال بھی “اپنا مسلک چھوڑو نہ، کسی کا چھیڑو نہ” کا پیغام عام ہونا چاہیے۔
محسن نقوی نے پاک بھارت تناؤ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں بھارت کے ساتھ کشیدگی کے دوران پاکستان کو “غیبی مدد” حاصل ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ ایک موقع پر پاکستان کے میزائل بھارت کے اہم آئل ڈپو پر جا لگے، جبکہ بھارت کی جانب سے داغے گئے 11 میزائل ایک پاکستانی بیس کو نشانہ بنانے میں ناکام رہے، حالانکہ وہاں طیارے اور عملہ موجود تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران کی حالیہ کامیابیوں اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف جنگ بندی میں پاکستان کی قیادت، بالخصوص وزیر اعظم اور فوج کا اہم کردار رہا ہے۔ ان کے بقول، اس پس منظر میں “وردی کی موجودگی” نے ایک فیصلہ کن کردار ادا کیا جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ عالمی رہنماؤں کو قائل کرنے اور بین الاقوامی سطح پر مؤثر سفارتی حکمت عملی اپنانے میں بھی پاکستان کی عسکری اور سیاسی قیادت کا کردار نمایاں ہے۔
