بھارت سے شکست کے بعد شاہد آفریدی کا بڑا بیان، بابر، شاہین اور شاداب کو باہر بٹھانے کا مطالبہ

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 میں بھارت کے خلاف واضح شکست کے بعد قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے سخت ردعمل دیتے ہوئے سینئر کھلاڑیوں کو ڈراپ کرنے کی تجویز دے دی۔ ان کا کہنا ہے کہ اہم مقابلوں میں ناکامی کے بعد ٹیم میں تبدیلی ناگزیر ہو چکی ہے۔
میچ میں بھارت نے پاکستان کو 176 رنز کا ہدف دیا جس کے تعاقب میں قومی بیٹنگ لائن ایک بار پھر دباؤ برداشت نہ کر سکی۔ عثمان خان کے سوا کوئی بھی کھلاڑی کریز پر زیادہ دیر نہ ٹھہر سکا جبکہ سات کھلاڑی مل کر بھی مجموعی طور پر 20 رنز نہ بنا سکے۔ باؤلنگ شعبے میں بھی فاسٹ باؤلرز اور اسپنرز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔
نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ اگر وہ ٹیم مینجمنٹ کا حصہ ہوتے تو اگلے میچ میں بابر اعظم، شاہین آفریدی اور شاداب خان کو آرام کروا کر نئے کھلاڑیوں کو موقع دیتے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ سینئرز طویل عرصے سے ٹیم کا حصہ ہیں، لیکن اگر بڑے میچز میں کارکردگی نہ دکھا سکیں تو پھر نوجوانوں کو آزمانا چاہیے۔
سابق کپتان نے قیادت کے فیصلوں پر بھی سوال اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ فہیم اشرف کو باؤلنگ کا موقع نہ دینا حیران کن تھا جبکہ ٹرمپ کارڈ قرار دیے جانے والے عثمان طارق کو بھی تاخیر سے متعارف کرایا گیا، جو حکمت عملی پر سوالیہ نشان ہے۔
ان کے بیان کے بعد کرکٹ حلقوں میں بحث کا نیا سلسلہ شروع ہو گیا ہے اور ٹیم میں ممکنہ تبدیلیوں پر چہ مگوئیاں تیز ہو گئی ہیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں