اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے افواج پاکستان کو بے پناہ عزت اور وقار عطا کیا، بھارت کے خلاف جنگ میں کامیابی آج بھی دنیا کو حیرت میں ڈال دیتی ہے اور عالمی سطح پر پاکستان کی افواج کو سراہا جا رہا ہے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ حالیہ بارشوں سے ملک کے کئی علاقوں، خصوصاً پہاڑی علاقوں میں شدید نقصان ہوا ہے، جس کے ازالے کے لیے فوری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ دہشت گردوں کے خلاف جانوں کے نذرانے دے رہی ہیں، فیلڈ مارشل نے جنگ کو فرنٹ لائن سے لیڈ کیا اور دنیا آج بھی اس کامیابی کو یاد کرتی ہے۔
وزیراعظم نے توانائی کے شعبے میں ہونے والی پیش رفت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وزیر توانائی اور ان کی ٹیم نے انقلابی اقدامات کیے، نجی بجلی گھروں (آئی پی پیز) سے مذاکرات کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں جس سے ملکی خزانے کو اربوں روپے کا فائدہ ہوا۔
شہباز شریف نے فلسطین میں جاری ظلم و ستم پر شدید دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں جو تباہی دیکھی گئی ہے، ایسی صورتحال پہلے کبھی نظر نہیں آئی۔ بچوں کی حالت بھوک سے نڈھال ہوچکی ہے۔ چیئرمین این ڈی ایم اے کو ہدایت دی گئی ہے کہ فلسطینی عوام کے لیے غذائی امداد اردن کے راستے روانہ کی جائے، یہ کنسائمنٹ جلد روانہ ہو گی۔ پاکستان فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے دیگر ممالک کے ساتھ کھڑا رہے گا۔
