آسٹریلیا کی مقبول ترین کرکٹ لیگ، بگ بیش لیگ (BBL) کے 15ویں ایڈیشن کا تفصیلی شیڈول جاری کر دیا گیا ہے، جس میں مجموعی طور پر 44 میچز کھیلے جائیں گے۔ یہ سنسنی خیز کرکٹ ایونٹ 14 دسمبر 2025 سے 25 جنوری 2026 تک جاری رہے گا۔
لیگ کی خاص بات یہ ہے کہ ہر رات ایک میچ ہوگا، تاہم کرسمس کی شام اور دن کو کوئی میچ منعقد نہیں کیا جائے گا، تاکہ کھلاڑی اور شائقین اپنے تہوار کو بھی منا سکیں۔
افتتاحی میچ پرتھ اسکارچرز اور سڈنی سکسرز کے درمیان پرتھ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جس میں پہلی بار پاکستانی اسٹار بلے باز بابر اعظم سڈنی سکسرز کی نمائندگی کرتے ہوئے بی بی ایل میں ڈیبیو کریں گے۔
شائقین کے لیے ایک اور دلچسپ لمحہ اس وقت ہوگا جب سڈنی سکسرز اور برسبین ہیٹ کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ اس میچ میں بابر اعظم کا سامنا شاہین شاہ آفریدی سے ہوگا، جو اس سال کے بی بی ایل ڈرافٹ میں پہلی ترجیح کے طور پر منتخب ہوئے اور برسبین ہیٹ کی بولنگ اٹیک کی قیادت کریں گے۔
منتظمین نے بی بی ایل کے نئے سیزن کو مزید پرکشش بنانے کے لیے شیڈول میں اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ ہر ٹیم ابتدائی 10 دنوں میں کم از کم ایک ہوم میچ ضرور کھیلے، تاکہ مقامی شائقین اسٹیڈیم میں اپنی ٹیم کی حوصلہ افزائی کر سکیں۔
پاکستانی شائقین کے لیے بھی یہ ایڈیشن خصوصی دلچسپی کا باعث بنے گا، کیونکہ ان کے پسندیدہ کرکٹرز آسٹریلیا کی پچز پر اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھاتے نظر آئیں گے۔
