بوریوالا: زرعی یونیورسٹی کیمپس میں جنسی ہراسگی سکینڈل، پروفیسر معطل، پرنسپل مستعفی

بورےوالا،گگومنڈی(نامہ نگار)زرعی یونیورسٹی فیصل آباد بورے والا کیمپس میں مبینہ جنسی ہراسگی کا سکینڈل سنگین صورت اختیار کر گیا۔ طالبہ کو نازیبا حرکات اور غیر مناسب گفتگو کرنے کی پروفیسر یحییٰ خان کی ویڈیو منظرِ عام پر آنے کے بعد یونیورسٹی انتظامیہ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے متعلقہ پروفیسر کو معطل کر کے کیمپس میں انکا داخلہ بھی بند کردیا ہے۔یونیورسٹی ذرائع کے مطابق متاثرہ طالبہ نے 19 روز قبل پروفیسر کے خلاف تحریری درخواست جمع کرائی تھی جس پر ہراسمنٹ کمیٹی وائس چانسلر کی نگرانی میں انکوائری کر رہی ہے تاہم ابھی تک کوئی حتمی رپورٹ جاری نہیں کی گئی۔ ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد کیس نے مزید شدت اختیار کرلی ہے۔ادھر معاملے نے ایک اور نیا رخ اس وقت اختیار کیا جب کیمپس پرنسپل ساجد محمود ندیم نے بھی اپنا استعفیٰ وائس چانسلر کو بھجوا دیا۔ پہلے یہ اطلاع سامنے آئی کہ استعفیٰ دباؤ کے باعث دیا گیا ہے اور اسے تاحال منظور نہیں کیا گیاتاہم بعد ازاں پرنسپل ڈاکٹر ساجد محمود ندیم کے مطابق وائس چانسلر نے میرا استعفیٰ منظور کرلیا ہے جنہوں نےاستعفیٰ کو انکوائری سے مشروط کرکے قبول کیا ہے۔پرنسپل ڈاکٹر ساجد محمود ندیم کے مطابق ان پر سوشل میڈیا پر واقعہ میں ملوث پروفیسر کی پشت پناہی کے الزامات لگائے جارہے تھے جس کے باعث انہوں نے اپنی صفائی اور شفاف انکوائری کے لیے خود استعفیٰ دیا۔انہوں نے کہا کہ معاملے کا حتمی فیصلہ اب وائس چانسلر کریں گے۔یونیورسٹی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ معاملے کی مکمل اور شفاف تحقیقات جاری ہیں اور رپورٹ سامنے آنے پر ذمہ داران کے خلاف مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

شیئر کریں

:مزید خبریں