کوئٹہ میں قومی گرینڈ جرگہ جاری ہے جس میں وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل اور دیگر اعلیٰ حکام شریک ہیں۔ وزیراعظم نے بلوچ عمائدین کو دعوت دی ہے کہ وہ درپیش مسائل کی نشاندہی کریں تاکہ حکومت ان کا حل نکال سکے۔
جرگے کی ابتدا قومی ترانے سے ہوئی، وزیراعلیٰ بلوچستان سردار سرفراز بگٹی نے شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے جرگے مسائل کے حل کی راہیں کھولتے ہیں۔
اپنے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ اس جرگے میں شرکت باعث فخر ہے، معرکہ حق میں فتح پر پوری قوم کو مبارکباد دیتا ہوں، دشمنوں کو ہمارے اتحاد اور بہادری نے خوفزدہ کر دیا ہے، ہماری افواج نے ہندوستان کو ناقابلِ فراموش شکست دی اور 1971ء کا بدلہ لے لیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایٹمی دھماکوں سے دنیا پر ہماری طاقت واضح ہو گئی۔
وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان کو اگر شکایات ہیں تو بھائیوں کی طرح بات چیت کے ذریعے حل نکالا جا سکتا ہے، دہشت گرد پاکستان کی ترقی کے دشمن ہیں جنہیں ناکام بنانا ہوگا۔ این ایف سی ایوارڈ کی منظوری میں پنجاب نے اپنے حصے کا فنڈز نکال کر بلوچستان کی ضروریات پوری کیں، پیٹرول کی قیمتوں میں کمی سے بچنے والی رقم سے بلوچستان میں سڑکیں بنائی جا رہی ہیں اور کسانوں کو سولر سسٹم فراہم کرنے کا منصوبہ بھی ہے۔
وزیراعظم نے بلوچ عمائدین کو یقین دہانی کرائی کہ ان کے مسائل حل کیے جائیں گے، دہشت گردوں کو ناکام بنانے کے لیے سب کو مل کر کوشش کرنی ہوگی۔
