آج کی تاریخ

بلوچستان قتل کیس میں اہم پیش رفت، مقتولہ کی والدہ انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش

کوئٹہ: بلوچستان میں خاتون اور مرد کے قتل کے ہائی پروفائل کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ مقتولہ بانو بی بی کی والدہ گل جان بی بی کو ایک بار پھر انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کر دیا گیا ہے۔
اس سے قبل عدالت نے گل جان بی بی کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر سیریس کرائم انویسٹی گیشن ونگ (SCIW) کے حوالے کیا تھا۔ یاد رہے کہ خاتون کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب اس کا ایک ویڈیو بیان منظر عام پر آیا تھا۔
پولیس سرجن عائشہ فیض کے مطابق، گل جان بی بی کے ڈی این اے کے لیے خون، بال اور لعاب دہن کے نمونے لیے گئے ہیں، جو سیل کرکے SCIW کے حوالے کر دیے گئے ہیں۔ یہ نمونے پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کو تجزیے کے لیے بھیجے جائیں گے۔
اس سے پہلے قبر کشائی کے وقت مقتولہ بی بی بانو کے بھی ڈی این اے سیمپل لیے جا چکے ہیں۔ واضح رہے کہ گل جان بی بی نے اپنے ویڈیو بیان میں خود پر ڈی این اے کروانے کی رضا مندی ظاہر کی تھی۔
متنازع ویڈیو بیان میں خاتون نے دعویٰ کیا تھا کہ بیٹی کو “بلوچی روایات” کے تحت قتل کیا گیا، اور یہ فیصلہ کسی ذاتی دشمنی پر نہیں بلکہ قبائلی جرگے میں سردار شیر باز ساتکزئی کی موجودگی میں کیا گیا۔ اس نے مطالبہ کیا کہ سردار شیر باز اور دیگر گرفتار افراد کو فوری رہا کیا جائے۔
یاد رہے کہ یہ واقعہ کوئٹہ کے نواحی علاقے ڈیگاری میں عید الاضحیٰ سے تین دن قبل پیش آیا تھا، جس میں ایک خاتون اور مرد کو سرعام قتل کیا گیا۔ اس واقعے کی ویڈیو چند دن قبل سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، جس پر وزیراعلیٰ بلوچستان سردار سرفراز بگٹی نے نوٹس لیا اور پولیس نے متعدد افراد کو حراست میں لیا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں