مظفرگڑھ: پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ملک میں زرعی ایمرجنسی نافذ کرنے اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے کسانوں کے بجلی کے بل معاف کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
مظفرگڑھ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لاہور اور قصور کے بعد آج میں خود یہاں آیا ہوں اور اپنی آنکھوں سے دیکھ رہا ہوں کہ لوگ کس شدت سے مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اس سیلاب سے سب سے زیادہ نقصان زرعی شعبے اور کسانوں کو پہنچا ہے، اور اس مشکل وقت میں ہم سب پر ذمہ داری ہے کہ متاثرہ افراد کی مدد کریں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ قدرتی آفات اور غربت کے مؤثر مقابلے کے لیے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سب سے مؤثر ذریعہ ہے، اور اسی وجہ سے میں نے وزیراعظم سے درخواست کی ہے کہ اس پروگرام کے ذریعے سیلاب متاثرین میں امداد کی تقسیم جلد شروع کی جائے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے زور دے کر کہا کہ حکومت کو زرعی ایمرجنسی نافذ کرنی چاہیے، کسانوں کے بجلی کے بل معاف کیے جائیں اور انہیں بیچ اور کھاد کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت کو صوبائی حکومت کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے کام کرنا ہوگا، اور یہ سیاسی موقع نہیں بلکہ اصل مقصد مستحق افراد تک صحیح امداد پہنچانا ہے، جس کا بہترین ذریعہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ہے۔
