پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کی مکمل حمایت جاری رکھیں گے۔
انہوں نے بنوں میں ایف سی ہیڈکوارٹرز پر حملے اور لکی مروت میں پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی شدید مذمت کی اور دہشتگردانہ حملے کو ناکام بنانے پر ایف سی اہلکاروں کی بہادری کو سراہا۔
بلاول بھٹو نے شہید ہونے والے سکیورٹی اہلکاروں اور پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ کے ساتھ دلی تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے زخمی ہونے والے اہلکاروں اور شہریوں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔
چیئرمین پی پی پی نے انتہاپسندی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کی غیر متزلزل حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے کوئٹہ میں بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) کی ریلی پر ہونے والے دھماکے کی بھی مذمت کی اور دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں اور بی این پی (مینگل) کی قیادت کے ساتھ تعزیت کی۔
بلاول بھٹو نے یقین دلایا کہ اس گھناؤنے جرم میں ملوث دہشتگرد جلد قانون کی گرفت میں آئیں گے اور حکومت بلوچستان کو ہدایت دی کہ زخمی شہریوں کے علاج معالجے کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
