برطانوی حکومت نے پاکستانی طلبہ اور پیشہ ور افراد کے لیے ویزا کے عمل کو جدید بنانے کے لیے ای ویزا کی سہولت کا آغاز کر دیا ہے۔ 15 جولائی سے برطانیہ جانے والے اکثر طلبہ اور پروفیشنلز کو اب پاسپورٹ پر ویزا اسٹیکر کی ضرورت نہیں ہوگی۔
نئے ای ویزا سسٹم کے تحت، برطانیہ میں داخلے اور قیام کی اجازت سے متعلق تمام معلومات ڈیجیٹل شکل میں یو کے ویزا اینڈ امیگریشن (UKVI) اکاؤنٹ میں محفوظ ہوں گی۔ یہ جدید نظام نہ صرف سسٹم کو محفوظ، مربوط اور ڈیجیٹل بنائے گا بلکہ ویزا کے عمل کو بھی آسان بنائے گا۔
برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ کے مطابق، ای ویزا سے ویزا ہولڈرز کے لیے اپنی شناخت اور امیگریشن اسٹیٹس ثابت کرنا نہایت آسان ہو جائے گا اور انہیں اپنا پاسپورٹ بھی اپنے پاس رکھنے کی سہولت ملے گی، جس سے وقت اور پریشانی دونوں کی بچت ہوگی۔
یہ سہولت ان ویزا کیٹیگریز پر لاگو ہوگی جن میں طلبہ (بشمول 11 ماہ کا کورس)، گلوبل بزنس موبیلٹی، گلوبل ٹیلنٹ، انٹرنیشنل اسپورٹس پرسن، اسکلڈ ورکرز، ہیلتھ اینڈ کیئر ورکرز، عارضی کام کے مختلف روٹس، اور یوتھ موبیلٹی اسکیم شامل ہیں۔
ای ویزا ہولڈرز اپنا پاسپورٹ UKVI اکاؤنٹ سے لنک کر کے سفری سہولت حاصل کر سکیں گے، جب کہ ’’View and Prove‘‘ سروس کے ذریعے آجر یا مکان مالک کو آن لائن امیگریشن اسٹیٹس دکھانا ممکن ہوگا۔
The UK is launching eVisas in Pakistan for most students and workers applying for more than 6 months! It will make it simpler and safer, and you can hold on to your passport.
— Jane Marriott (@JaneMarriottUK) July 15, 2025
To find out more on eVisas and see whether you’re eligible, go to https://t.co/AHI9nWSoxw pic.twitter.com/tlZNSs2NpD
تاہم، ڈپینڈنٹس یا وہ افراد جو وزیٹر ویزا جیسی دیگر کیٹیگریز میں درخواست دیں گے، انہیں بدستور فزیکل اسٹیکر ویزا کی ضرورت ہوگی۔ جن افراد کے پاس پہلے سے فزیکل ویزا موجود ہے، ان کے لیے کسی تبدیلی کی ضرورت نہیں۔
برطانوی حکومت کا منصوبہ ہے کہ جلد ہی یہ سہولت تمام ویزا کیٹیگریز میں نافذ کر دی جائے، جس سے ویزا سسٹم مزید محفوظ، مؤثر اور جدید بن جائے گا۔