پشاور: خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات ڈاکٹر بیرسٹر سیف نے واضح کیا ہے کہ صوبائی بجٹ مشروط طور پر منظور کیا گیا ہے اور اسے عمران خان کو مائنس کرنے کی کوشش سے جوڑنا درست نہیں۔
اپنے بیان میں بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف چیئرمین عمران خان کے فیصلوں کی مکمل پابند ہے، اور پارٹی قیادت ان کے ہر حکم کو انتہائی اہمیت دیتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے عمران خان سے ملاقات کے لیے اعلیٰ عدلیہ سے رجوع کیا ہے تاکہ ان کی رہنمائی میں بجٹ سے متعلق حتمی فیصلے کیے جا سکیں۔
مشیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعلیٰ کی عمران خان سے ملاقات کے بعد ان کی ہدایات کی روشنی میں بجٹ میں ممکنہ ترامیم کی جائیں گی، کیونکہ اصل فیصلہ پارٹی چیئرمین ہی کریں گے۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ بجٹ کی منظوری دراصل اپوزیشن کی اس سازش کو ناکام بنانے کے لیے دی گئی جس کا مقصد بجٹ کو ناکام بنا کر صوبے میں ایمرجنسی نافذ کروانا تھا۔ اگر تحریک انصاف بجٹ کی منظوری نہ دیتی تو مخالفین اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب ہو جاتے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کو خیبر پختونخوا اسمبلی میں واضح اکثریت حاصل ہے، اس لیے جب بھی عمران خان ہدایت دیں گے، بجٹ میں رد و بدل کر دیا جائے گا۔ ہم ہر وقت پارٹی چیئرمین کے فیصلے کے منتظر ہیں اور انہی کی رہنمائی میں آگے بڑھیں گے۔
