پاکستانی اداکار، ہدایتکار اور پروڈیوسر نبیل ظفر نے ملک میں جاری مہنگائی اور بجلی کے بڑھتے ہوئے بلوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ایک نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے نبیل ظفر نے کہا کہ بجلی کے بل اس قدر بڑھ چکے ہیں کہ انہیں دیکھ کر کسی کو بھی دل کا دورہ پڑ سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اب گھر میں غیر ضروری لائٹس اور پنکھے فوراً بند کروا دیتے ہیں تاکہ بجلی کا خرچ کم ہو، کیونکہ موجودہ بل ناقابل برداشت ہو چکے ہیں۔
نبیل ظفر نے ہنستے ہوئے کہا کہ اب انہیں اپنے والد کی باتیں یاد آتی ہیں، جو ہمیشہ خبردار کرتے تھے کہ “بل بہت آئے گا بھائی”۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود کو اب اپنے والد جیسا محسوس کرنے لگے ہیں۔
اداکار نے بتایا کہ بجلی کے بلوں سے بچنے کے لیے انہوں نے گھر میں سولر سسٹم لگوا لیا ہے، مگر جب کراچی میں بادل آ جاتے ہیں تو یہ سسٹم بہتر طریقے سے کام نہیں کرتا۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ جب بادل چھائے ہوتے ہیں تو دل ہی دل میں کہتے ہیں، “یا تو برس جاؤ یا نکل جاؤ تاکہ سولر چلے”۔
