ملتان 22 دسمبر 2024: ترجمان محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب کسان پیکج کے تحت صوبہ پنجاب میں 9 ارب روپے کی لاگت سے 8 ہزار بجلی و ڈیزل سے چلنے والے زرعی ٹیوب ویلوں کی شمسی توانائی پر منتقلی کے منصوبہ پر عملدرآمد کے لیے کاشتکاروں سے درخواستیں مطلوب ہیں۔ ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے تحت اس منصوبے کا مقصد کاشتکاروں کی پیداواری لاگت میں کمی اور توانائی کے بحران کو کم کرنا ہے۔اس پروگرام کے لیے درخواست دہندہ کے نام زمین کی رجسٹری ہونا لازمی ہے۔ اس منصوبے کے تحت 30 اکتوبر 2024 سے قبل تنصیب شدہ بجلی و ڈیزل سے چلنے والے ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جائے گا۔خواہشمند کاشتکار31 دسمبر 2024 تک اپنی درخواستیں جمع کروا سکتے ہیں۔سولرائزیشن آف ٹیوب ویل پروگرام کے تحت شمسی زرعی ٹیوب ویلوں کی تنصیب کے لیے حکومت تین مختلف پاور کٹس پر سبسڈی فراہم کرے گی جن میں 10 کلو واٹ پر 5 لاکھ روپے، 15 کلو واٹ پر 7.5 لاکھ روپے، اور 20 کلو واٹ پر 10 لاکھ روپے کی سبسڈی شامل ہے جبکہ بقایا رقم کاشتکار خود ادا کریں گے۔اس منصوبہ کے تحت کسانوں کو توانائی کے کم خرچ اور پائیدار حل فراہم کئے جا رہے ہیں۔ اس اقدام سے نہ صرف ماحولیاتی تحفظ کو فروغ ملے گا بلکہ کاشتکاروں کو بجلی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور بلوں سے بھی نجات ملے گی۔اس ضمن میں درخواست دہندگان محکمہ زراعت پنجاب کی ویب سائٹ سے فارم ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں یا آن لائن اپلائی کرنے کیلئے کے لنک پرکلک کریں۔ مزید معلومات کے لیے خواہشمند کاشتکار زرعی ہیلپ لائن نمبر 0800-17000 پر بروز سوموار تا ہفتہ صبح 8 بجے سے شام 8 بجے تک رابطہ کریں۔
