تازہ ترین

بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کیلئے پی ٹی آئی کے 14 سینیٹرز کی اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع، قانونی کوششیں تیز

اسلام آباد: بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت حاصل کرنے کے لیے بیرسٹر علی ظفر سمیت پاکستان تحریک انصاف کے 14 سینیٹرز نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا ہے اور اس سلسلے میں باقاعدہ درخواست دائر کر دی گئی ہے۔
دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر اور سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجا بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے زیر التوا مقدمات کو جلد سماعت کے لیے مقرر کروانے کی کوششیں تیز کیے ہوئے ہیں۔ تاہم ان کوششوں کے باوجود چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ سردار محمد سرفراز ڈوگر سے ملاقات ممکن نہ ہو سکی۔
پی ٹی آئی کے 14 سینیٹرز کی جانب سے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو قیدِ تنہائی میں رکھا گیا ہے جو قانون کے منافی ہے، اس لیے عدالت اس قید کو فوری ختم کرنے کا حکم دے۔ درخواست میں یہ بھی استدعا کی گئی ہے کہ دونوں کو جیل مینوئل کے تحت حاصل تمام قانونی حقوق فراہم کیے جائیں اور بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت دی جائے۔ اس درخواست میں محکمہ داخلہ پنجاب اور سپریٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو فریق بنایا گیا ہے۔
ادھر چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر، اسد قیصر اور سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجا اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچے اور چیف جسٹس سے ملاقات کی کوشش کی۔ اس موقع پر بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ وہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے کیسز کی جلد سماعت کے لیے چیف جسٹس کے چیمبر گئے تھے، تاہم ملاقات نہ ہو سکی۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ وہ چیف جسٹس پاکستان سے بھی درخواست کرتے ہیں کہ اس معاملے میں انصاف کا تقاضا پورا کیا جائے۔ انہوں نے خاص طور پر بشریٰ بی بی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایک خاتون کی اپیل کو ترجیحی بنیادوں پر سنا جانا چاہیے، لیکن بدقسمتی سے ایسا نہیں ہو رہا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں