کراچی: سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ کراچی میں حالیہ بارش وقفے وقفے سے نہ ہونے کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، تاہم شہریوں کو ہونے والی تکلیف پر وہ معذرت خواہ ہیں۔
پریس کانفرنس کے دوران شرجیل میمن نے بتایا کہ جون سے پاکستان میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے اور موسمیاتی تبدیلی (Climate Change) ایک عالمی مسئلہ بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے عالمی سطح پر ماحولیات کو خراب کرنے میں کم کردار ادا کیا، لیکن موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے پاکستان بھی شدید متاثر ہوا ہے۔
وزیر نے بتایا کہ کراچی میں منگھو پیر میں 246 ملی میٹر اور کورنگی میں 140 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ بلدیہ عظمیٰ اور سندھ حکومت نے پیشگی انتظامات کیے اور نالوں کی صفائی کروائی، تاہم مسلسل بارش کے باعث اربن فلڈنگ کا سامنا کرنا پڑا۔ کراچی میں کچھ اموات بجلی کے کرنٹ لگنے سے ہوئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے پانی کی نکاسی کے لیے ہیوی مشینری استعمال کی اور وزیر اعلیٰ خود صورتحال مانیٹر کر رہے تھے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں اور عام تعطیل کا اعلان کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کل کے بعد بارش ختم ہو جائے گی۔
شرجیل میمن نے کہا کہ تمام جماعتوں کے ٹاؤن چیئرمینز نے اچھی کارکردگی دکھائی، اور کچھ معاملات پر سیاست نہیں ہونی چاہیے۔ میڈیا تنقید کرے لیکن اچھے اقدامات کی تعریف بھی کرے۔
انہوں نے فاروق ستار کے ساتھ بیٹھنے کے معاملے پر کہا کہ اعتراض نہیں، تاہم بیان بازی کر کے اس ایشو کو سیاسی بنانے کی کوشش کی گئی۔ پریس کانفرنس کے آغاز پر صحافی خاور حسین کے لیے دعا بھی کی گئی۔
