ڈھاکہ: ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے سالانہ اجلاس میں منگولیا، ازبکستان اور فلپائن کو رسمی رکنیت دے دی گئی ہے۔
یہ اجلاس 24 جولائی کو ڈھاکہ میں منعقد ہوا، جس کی صدارت اے سی سی کے صدر اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے کی۔ محسن نقوی نے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر امین الحق اسلام کی میزبانی کو تاریخی قرار دیتے ہوئے ان کی ٹیم کی پیشہ ورانہ اور منظم میزبانی کی تعریف کی۔
اجلاس میں مالی سال 2025-26 کے آڈٹ شدہ مالیاتی بیلنس، بجٹ اور مکمل کرکٹ کیلنڈر کی منظوری دی گئی۔ مزید برآں، 2026 میں جاپان میں ہونے والے ایشین گیمز میں کرکٹ کے شامل ہونے کا اعلان کیا گیا، جہاں مردوں کی 10 اور خواتین کی 8 ٹیمیں حصہ لیں گی۔ ٹیموں کا انتخاب ان کی رینکنگ کی بنیاد پر ہوگا۔
اے سی سی نے منگولیا، ازبکستان اور فلپائن کو رکن ملک کا درجہ دے کر ایشیائی کرکٹ کو نئے علاقوں تک پہنچانے کی کوشش کی ہے۔ اجلاس میں شرکاء نے خطے میں کرکٹ کی ترقی کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا اور کھیل کو ترجیح دینے پر اتفاق کیا۔
