پشاور: خیبر پختونخوا حکومت نے سیلاب متاثرین کے لیے این ڈی ایم اے کی فراہم کردہ امداد پر شدید عدم اطمینان ظاہر کیا ہے۔
صوبائی حکومت کے ترجمان اور مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے بیان میں کہا کہ این ڈی ایم اے نے خیبر پختونخوا کے متاثرین کو تنہا چھوڑ دیا ہے۔ ان کے مطابق این ڈی ایم اے کی طرف سے دی جانے والی امداد ’’اونٹ کے منہ میں زیرہ‘‘ کے مترادف ہے۔
بیرسٹر سیف نے واضح کیا کہ ادارے کی جانب سے محض چند ٹینٹ اور نیک خواہشات موصول ہوئیں، جبکہ اصل ریلیف اور بحالی کا کام خیبر پختونخوا حکومت نے اپنے وسائل سے مکمل کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ کی نگرانی میں ریلیف آپریشن پایہ تکمیل تک پہنچایا گیا اور اب بحالی کا عمل جاری ہے۔
صوبائی مشیر اطلاعات نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر متاثرین کو دگنا معاوضہ فراہم کیا گیا ہے۔ شہدا کے ورثا کو 20 لاکھ روپے اور زخمیوں کو 10 لاکھ روپے معاوضہ دیا گیا۔
