ملتان(انویسٹی گیشن سیل) ایف آئی اے کی جانب سے این سی سی آئی اے کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے خلاف درج مقدمہ میں ہمراہی ملزم نے عدالت میں کرپشن کہانی بیان کر دی۔ دفتر کی ہمسائیگی میں رہنے والے ملزم نے کھانا دیتے افسر سے دوستی کر لی اور چھاپہ مار ٹیم میں شامل ہو کر ملزموں سے بھاری رقوم وصول کرنے، بیان میں تشدد کر کے ویڈیو بنانے اور دیگر جرائم کا بھی اعتراف کیا گیا ہے۔ قبل ازیں سردار حفیظ احمد خان ایڈووکیٹ ہائیکورٹ، چیئرمین ہیومن رائٹس پروٹیکشن کمیٹی ہائی کورٹ بار ملتان نے ایف آئی اے میں ایک تحریری شکایت جمع کرائی جس میں کہا گیا کہ ان کے موکل حسیب فہیم ولد محمد صغیر کو 28 اگست 2025ء کی رات ان کی رہائش گاہ سے ذیشان حبیب، اسسٹنٹ ڈائریکٹر این سی سی آئی اے ملتان نے اپنے ساتھیوں اسامہ اور عثمان کے ہمراہ ایف آئی آر نمبر 194/2025 جو کہ این سی سی آئی اے ملتان میں درج ہوئی تھی کے سلسلے میں غیر قانونی طور پر گرفتار کیا، جس میں شکایت کنندہ کے رشتہ داروں سے متعلق قابل اعتراض مواد واٹس ایپ کے ذریعے شیئر کرنے کا الزام تھا۔ مزید الزام لگایا گیا کہ حسیب فہیم کو حراست میں لینے کے بعد ملزمان نے اسے جسمانی تشدد اور بدسلوکی کا نشانہ بنایا۔ بعد میں جب ملزم حسیب فہیم کو جسمانی ریمانڈ حاصل کرنے کے مقصد سے عدالت میں پیش کیا گیا تو عدالت نے ملزم کی جسمانی حالت کا مشاہدہ کرنے کے بعد زبانی طور پر تفتیشی افسر ذیشان حبیب، اسسٹنٹ ڈائریکٹر این سی سی آئی اے ملتان کو ہدایت کی کہ ملزم کا طبی معائنہ کرایا جائے۔ تاہم عدالت کی مذکورہ ہدایت پر مبینہ طور پر تفتیشی افسر نے عمل نہیں کیا۔ شکایت کنندہ نے مزید الزام لگایا کہ اسامہ، ایک نجی شخص اور مبینہ طور پر ذیشان حبیب کا فرنٹ مین، نے این سی سی آئی اے ملتان کے دفتر میں حسیب فہیم کے والد سے رابطہ کیا اور کیس میں ریلیف فراہم کرنے کے لیے غیر قانونی مالی فائدہ کا مطالبہ کیا۔ نتیجتاً، مبینہ طور پر مذکورہ اسامہ کے ذریعے ذیشان حبیب، اسسٹنٹ ڈائریکٹر این سی سی آئی اے ملتان کی جانب سے 33 لاکھ چالیس ہزار روپے بطور رشوت وصول کیے گئے۔ مذکورہ شکایت کی بنیاد پر ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل ملتان میں انکوائری نمبر 620/2025 شروع کی گئی۔ انکوائری کے دوران، حسیب فہیم ولد محمد صغیر انکوائری افسر کے سامنے پیش ہوا اور اپنا بیان ریکارڈ کرایا، جس میں اس نے شکایت میں لگائے گئے الزامات کو دہرایا اور ان کی تصدیق کی۔ ذیشان حبیب، اسسٹنٹ ڈائریکٹر این سی سی آئی اے ملتان کو متعلقہ قانونی دفعات کے تحت نوٹس جاری کرکے طلب کیا گیا، تاہم وہ 2 جنوری 2026ء سے بغیر پیشگی اجازت یا اطلاع کے ڈیوٹی سے غیر حاضر ہو چکا ہے۔ انکوائری کی کارروائی کے دوران، اسامہ کا حسیب فہیم (متاثرہ) سے سامنا کرایا گیا۔ دستیاب ریکارڈ، گواہوں کے بیانات اور انکوائری کے دوران جمع کیے گئے دیگر شواہد کی بنیاد پر، ایک نجی شخص کے ذریعے غیر قانونی رشوت کے مطالبے اور قبولیت کے الزامات کو درست پایا گیا اور 4 مارچ 2026ء کو ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل ملتان میں مقدمہ نمبر 11/26 درج کیا گیا۔ جس میں ملزم اسامہ مسعود نے عدالت میں دفعہ 164 کے تحت بیان درج کرایا۔ جسے ایف آئی اے/کرائم سرکل، ملتان کی جسمانی حراست سے پیش کیا گیا۔ جس نے حلف کے بغیر بیان دیا کہ “میری ذیشان حبیب، اسسٹنٹ ڈائریکٹر، این سی سی آئی اے سے دوستی ہے۔ میرا رہائشی علاقہ بھی این سی سی آئی اے ملتان کے قریب ہے اور میں ذیشان حبیب کو پڑوسی ہونے کی وجہ سے کھانے کھلاتا تھا۔ سائبر کرائم کیس میں ملزم حسیب کو ایک وکیل نے ذیشان حبیب سے گرفتار کرایا اور میرے سامنے تشدد کا نشانہ بنایا، میں نے ملزم حسیب کے والد سے 3,90,000/- روپے کوئٹہ ہوٹل، سیداں والا بائی پاس پر وصول کیے اور ذیشان حبیب کے حوالے کر دیے، اس کے بعد میں ایک عام ریڈنگ پارٹی کا حصہ بن گیا اور ذیشان حبیب کے ساتھ ریڈز میں شامل ہوتا رہا۔ حسیب کیس میں مجھے یہ بھی معلوم ہوا کہ ملزم ذیشان حبیب نے اس کیس میں 3.3 ملین روپے بطور رشوت وصول کیے۔ مجھے راجن پور میں بھی معلوم ہوا کہ ایک عابد نامی ملزم سے 5.00 ملین روپے کی ریکوری اس کی ذاتی تلاشی سے عام پولیس نے غبن کی اور وہی رقم گاڑی سمیت این سی سی آئی اے کے حوالے کر دی گئی، جسے بعد میں سابق ڈائریکٹر عبدالغفار نے کھینچ لیا۔ ذیشان حبیب نے تین مواقع پر تین ریڈز میں 25,000/- روپے ادا کیے، ایک موقع پر میں نے گاڑی پر کیریئر ڈیوٹی کی اور میں نے اس مقصد کے لیے کال سینٹر (واقع گلشن مہر ذکریا ٹاؤن) کیس میں ڈیجیٹل شواہد اکٹھے کرنے کے لیے 25,000/- روپے کرایہ بھی وصول کیا، میں نے کال سینٹر کے گیارہ دورے کیے، اس کیس میں این سی سی آئی اے نے 8.5 ملین روپے وصول کیے۔ ایک رمیض نامی شخص کے کیس میں مجھے معلوم ہوا کہ ذیشان حبیب نے رمیض سے براہ راست 8.5 ملین روپے وصول کیے۔ میری رانا اعجاز سے واقفیت تھی، جس نے این سی سی آئی اے کو رشوت دینے کے لیے میرا ذریعہ استعمال کیا اور ملزم رانا علی کے والد نے اپنی گاڑی بیچ کر 8.00 ملین روپے رانا اعجاز کے حوالے کیے اور وہی رقم ذیشان حبیب کے حوالے کر دی گئی، اس کے بعد رانا اعجاز اور ذیشان حبیب دونوں نے مجھے 2,00,000/- روپے فی کس ادا کیے۔ یہ بھی مشہور ہوا کہ ریڈ اور عدالت کے تمام معاملات ذیشان حبیب ملزم کی جانب سے ایک ایڈووکیٹ دیکھتے تھے اور یہ ظاہر کیا گیا کہ اس وقت این سی سی آئی اے کے تمام معاملات وہی وکیل ہی چلا رہے تھے۔ ایک بار نبیل، سب انسپکٹر نے ریڈ کی اور ملزم راؤ ماجد کو گرفتار کیا اور ایک دیگر وکیل کی فعال شرکت سے، جس نے 10.00 ملیں روپے رشوت وصول کی اور 09.00 ملین رشوت نبیل، ایس آئی کے حوالے کر دی اور اس کے بعد ایک شکایت درج کرائی گئی اور این سی سی آئی اے نے 09.00 ملین روپے ملزم کو واپس کر دیے۔ میاں چنوں کیس میں بھی مجھے معلوم ہوا کہ این سی سی آئی اے نے 1.5 ملین روپے وصول کیے، لیکن آیا وہ کیس پراپرٹی کی محفوظ تحویل میں جمع کرائے گئے یا نہیں، یہ میرے علم میں نہیں ہے۔ مجھے یہ بھی یاد ہے کہ ملزم حسیب پر تشدد کی ویڈیو بھی اسی ٹاوٹ وکیل نے بنائی تھی اور وہی ویڈیو اسی ایڈووکیٹ کے ذریعے متاثرہ فریق کو بھیجی جاتی تھی۔ عدالت نے فیصلے میں قرار دیا کہ دیگر ملزموں کی عدم گرفتاری کی وجہ سے جرح کا حق ناقابل رسائی ہے۔







