این سی بی اےسب کیمپسز گجرات اور سیالکوٹ ، یونیورسٹی آف لاہور کے سب کیمپسز گجرات اور پاکپتن،ہجویری یونیورسٹی سب کیمپس شیخوپورہ شامل
ان یونیورسٹیوں کے غیر قانونی کیمپسز میں داخلہ نہ لیں، ڈگریو ں کی تصدیق نہیں کر ینگے:ایچ ای سی کاطلباوطالبات کیلئے الرٹ

ملتان ( سٹاف رپورٹر ) پنجاب بھر میں گریجوایشن اور پوسٹ گریجوایشن کرنے والے ہزاروں طلبہ و طالبات کے لئے ہائر ایجوکیشن کمیشن نے غیر قانونی سب کیمپسز کے حوالے سے ایک الرٹ جاری کیا ہے جس کے مطابق نیشنل کالج آف بزنس ایڈمنسٹریشن اینڈ اکنامکس لاہور ( NCBAE) کے سب کیمپسز گجرات اور سیالکوٹ ، یونیورسٹی آف لاہور کے سب کیمپسز گجرات اور پاکپتن جبکہ ہجویری یونیورسٹی لاہور کے سب کیمپس شیخوپورہ سراسر غیر قانونی ہیں اور گورنمنٹ آف پنجاب سے منظور شدہ نہ ہیں۔ چنانچہ طلباوطالبات کو ہدایت دی جاتی ہے کہ مندرجہ بالا یونیورسٹیوں کے غیر قانونی کیمپسز میں داخلہ نہ لیں ورنہ ان کی ڈگریوں کو ہائر ایجوکیشن کمیشن کسی بھی طور پر تصدیق نہیں کرے گا۔ یاد رہے کہ یہ غیر قانونی کیمپسز ہزاروں طلبہ و طالبات سے نہ صرف کروڑوںکی تعلیمی ڈکیتی کر رہے ہیں بلکہ ان کی زندگی کے قیمتی سال بھی برباد کر رہے ہیں۔






