راولپنڈی: اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف وسیع پیمانے پر کارروائیاں جاری رکھی ہیں۔
7 مختلف کارروائیوں کے دوران خاتون سمیت 8 ملزمان کو گرفتار کیا گیا اور مجموعی طور پر 210 کلوگرام سے زائد منشیات برآمد ہوئی جن کی مالیت 4 کروڑ 80 لاکھ روپے سے زائد بتائی گئی ہے۔
علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور پر کارروائی کے دوران عمرہ پر جانے والے ایک مسافر کے سامان سے 2.522 کلو زینیکس گولیاں برآمد ہوئیں اور ملزم کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔ اسی طرح باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پشاور پر قطر جانے والے مسافر سے 994 گرام آئس پکڑی گئی۔
بھیرہ انٹرچینج کے قریب ایک گاڑی سے 102 کلو چرس اور 42 کلو افیون برآمد ہوئی، جبکہ مندرہ ٹول پلازہ کے قریب گاڑی سے 36 کلو چرس برآمد کر کے خاتون سمیت 2 ملزمان کو حراست میں لیا گیا۔
رنگ روڑ پشاور کے قریب ایک گاڑی سے 20 کلو ہیروئن برآمد ہوئی اور 2 افراد کو گرفتار کیا گیا، جبکہ آر سی ڈی روڈ، حب کے قریب کارروائی میں 5 کلو آئس برآمد ہوئی اور مزید 2 ملزمان کو حراست میں لیا گیا۔
اے این ایف حکام کے مطابق تمام گرفتار افراد کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
