ایم پی ایس روڈ پرایک اورسانحہ، کار ریس نے نوجوان کی جان لے لی

ملتان (نمائندہ قوم) ملتان میں تیز رفتاری کے باعث دو کاروں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں ایک نوجوان جاں بحق ہو گیا۔ حادثہ رائل آرچرڈ کے قریب متی تل روڈ سے ایم پی ایس روڈ پر پیش آیا جہاں مبینہ طور پر تیز رفتاری کے باعث ریس لگاتی ایک آلٹو کار پیچھے سے دوسری کار سے جا ٹکرائی۔عینی شاہدین کے مطابق تصادم اس قدر شدید تھا کہ آلٹو کار میں سوار 23 سالہ نوجوان محمد مجتبیٰ کھر ولد ملک خالد بن قاسم کو سر پر شدید چوٹیں آئیں جس کے باعث وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کرتے ہوئے حادثے کی نوعیت سے متعلق تحقیقات شروع کر دیں۔پولیس کے مطابق ضروری قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد جاں بحق نوجوان کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے نشتر ہسپتال منتقل کر دی گئی جبکہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے مزید تفتیش جاری ہے۔واضح رہے کہ چند ہفتے قبل روزنامہ’’قوم‘‘میں شائع ہونے والی ایک خبر میں بھی شہر کے مختلف علاقوں میں خطرناک ڈرائیونگ، ون ویلنگ اور خاص طور پر کار ریس کے بڑھتے ہوئے رجحان کی نشاندہی کی گئی تھی۔ رپورٹ کے مطابق گلگشت، بہادرپور، گیلانی فلائی اوور اور کلمہ چوک فلائی اوور سمیت متعدد سڑکوں پر نوجوان مبینہ طور پر تیز رفتار گاڑیوں کی ریس لگاتے دیکھے جاتے ہیں جس سے شہریوں کی جانیں خطرے میں پڑ رہی ہیں۔شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ ٹریفک پولیس کی بروقت اور مؤثر کارروائی نہ ہونے کے باعث یہ خطرناک رجحان بدستور جاری ہے اور حالیہ حادثہ بھی اسی بے احتیاطی اور تیز رفتاری کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے جس کے نتیجے میں ایک بے گناہ نوجوان اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔ شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر کی اہم شاہراہوں پر تیز رفتاری، ون ویلنگ اور کار ریس کے خلاف فوری اور سخت اقدامات کیے جائیں تاکہ مزید قیمتی جانوں کے ضیاع کو روکا جا سکے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں