ملتان ( ایڈیٹر رپورٹنگ) ایمرسن یونیورسٹی ملتان میں ہراسمنٹ کا ایک اور واقعہ سامنے آگیا، حیران کن طور پرہاسٹل میں مقیم ایک طالب علم کے ساتھ ہراسمنٹ اور بلیک میلنگ کی گئی ہے جس کے والد نے باقاعدہ طور پر وائس چانسلر کے نام درخواست دیکر کارروائی کی اپیل کی ہے مگر 15 روز گزرنے کے باوجود وائس چانسلر نے کسی قسم کی کوئی کارروائی تو نہیں الٹا طالب علم کو ہراساں کیا جارہا ہے ۔بتاہا گیا ہے کہ مذکورہ طالب علم جس کا نام روزنامہ قوم دانستہ طور پر شائع نہیں کررہا تاکہ اس کی زندگی، کیریئر اور نام خراب نہ ہو ۔ اس کو ہاسٹل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محمد نعیم نے بلیک میل کرنے کی کوشش کی ہے، طالب علم اور اس کا خاندان شدید ذہنی اذیت میں مبتلا ہے اور طالب علم کے گورنمنٹ آفیسر والد نے وائس چانسلر کے نام ای میل میں بتایا ہے کہ کس طرح ان کے بچے کو ہراساں کیا گیا ہے، مذکورہ بچے کو خوف سے باہر نکالنے کے لئے کونسلنگ کی جارہی ہے کہ بچہ پریشر میں کوئی انتہائی قدم نہ اٹھا لے ۔ اس معاملے پر روزنامہ ” قوم ” نے طالب علم کے والد کے ساتھ رابطہ کیا تو انہوں نے معاملے کی کھل کر وضاحت کرنے سے گریز کیا اور کہا کہ وہ وائس چانسلر کی طرف سے کارروائی کا انتظار کررہے ہیں اس کے بعد وہ اگلے لائحہ عمل کا فیصلہ کریں گے ۔






