اسلام آباد: وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ بعض جعلساز گروہ ایف آئی اے کے نام پر جعلی ایف آئی آرز واٹس ایپ کے ذریعے بھیج کر شہریوں کو خوفزدہ اور بلیک میل کر رہے ہیں۔
ایف آئی اے کے ترجمان کے مطابق یہ عناصر خود کو ایف آئی اے اہلکار ظاہر کرتے ہوئے شہریوں کو فرضی الزامات جیسے “سائبر کرائم” اور “دہشت گردی” میں ملوث دکھا کر جھوٹی ایف آئی آرز ارسال کرتے ہیں۔ ان جعلی پیغامات کا مقصد عوام میں خوف و ہراس پھیلانا اور بلیک میلنگ کے ذریعے مالی یا ذاتی فائدہ حاصل کرنا ہے۔
ایف آئی اے نے واضح کیا ہے کہ ادارہ اس نوعیت کی کوئی اطلاع یا ایف آئی آر واٹس ایپ یا کسی اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر نہیں بھیجتا۔
عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ ایسے کسی بھی مشکوک پیغام کی صورت میں فوری طور پر نیشنل سائبر کرائم ونگ کو اطلاع دیں اور ایف آئی اے کی ہیلپ لائن 1991 سے رابطہ کریں۔ شہریوں کو تاکید کی گئی ہے کہ کسی غیر مصدقہ شخص یا نمبر سے موصول ہونے والے پیغامات پر ذاتی معلومات ہرگز شیئر نہ کریں۔
