سلمان سلطان عرف سلمانا موٹا ٹاؤٹ ایف آئی اے ملتان

ایف آئی اے ٹائوٹ سلمان موٹا فقیروں کا سلطان ،خلیج میں پاکستانیوں پر پابندی کا ماسٹر مائنڈ

ملتان(سٹاف رپورٹر)ایف آئی اے ملتان کے غیر اعلانیہ مگر باعتماد ٹاؤٹ سلمان سلطان عرف سلمان موٹا بارے مزید انکشافات ہوئے ہیں کہ وہ جنوبی پنجاب سے خلیجی ممالک میں فقیروں کو بھجوانے اور پاکستان کے متعدد اضلاع کے مکینوں پر خلیجی ممالک میں پابندی لگوانے کا اہم محرک ہے۔ ایف آئی اے کے خالد انیس و خواجہ حماد نامی افسران کے گروپ نے اسی کی ٹریول ایجنسی کو فقیر سپلائی کی ذمہ داریاں سونپ رکھی ہیں اور اگر کوئی اور ایجنٹ فقیروں کو بھیجے تو پکڑے جاتے ہیں ۔سلمان ٹاؤٹ کے والد صراف ہیں اور یہ سونے کی سمگلنگ میں بھی ملوث ہیں ،ان کے اپنے پھیرے باز ہیں جو دبئی سے سونا لاتے ہیں اور یہاں سے سونے کے سیٹ لے کر جاتے ہیں ۔ایف آئی اے حکام انہیں ایئرپورٹ کے کسٹم حکام سے سہولت لے کر دیتے ہیں جبکہ اس کے عوضانے کے طور پر کسٹم کے پھیرے بازوں کو سہولت فراہم کرتے ہیں۔ چند ہفتے قبل ملتان ایف آئی اے نے فقیروں کا ایک پورا گینگ آف لوڈ کیا تھا جس کے پاس عمرے کے ٹکٹ تو تھے مگر احرام اور حج و عمرے کا دیگر سامان نہ تھا اور ان کے پاسپورٹوں پر کئی بار سعودی عرب جانےکیلئے عمرہ ویزہ لگے ہوئے تھے جبکہ ان کے پاس وہاں قیام و طعام کیلئے مطلوبہ رقم بھی نہ تھی۔ ایف آئی اے نے انہیں حراست میں لے لیا مگر حیران کن طور پر ان میں سے اکثریت صرف آٹھ دن کے اندر اندر ایف آئی اے کےمصدقہ ٹاؤٹ سلمان موٹے کے ذریعے سعودی عرب پہنچ بھی گئی ۔ایف آئی اے کے ایک ذمہ دار اہلکار نے بتایا کہ خالد انیس دراصل ریٹائرمنٹ کے قریب ہیں اسلئےوہ اپنی اگلی زندگی کیلئے عجلت میں زیادہ سے زیادہ زاد راہ جمع کر رہے ہیں کیونکہ ان کے قریبی ذرائع کے مطابق وہ ریٹائرمنٹ کے بعد دنیا بھر کی سیاحت کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں اور اس مقصد کیلئے انہوں نے دبئی میں قیام کا انتظام بھی کر رکھا ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں