ایشین کرکٹ کونسل کے صدر محسن نقوی نے ایشیا کپ 2025 کے انعقاد کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ یہ ٹورنامنٹ 9 ستمبر سے 28 ستمبر تک متحدہ عرب امارات میں کھیلا جائے گا، تاہم مکمل شیڈول بعد میں جاری کیا جائے گا۔
ایشیا کپ میں مجموعی طور پر 8 ٹیمیں حصہ لیں گی جن میں پاکستان، بھارت، سری لنکا، افغانستان، ہانگ کانگ، عمان، یو اے ای اور ایک اور ٹیم شامل ہیں۔ ٹیموں کو دو گروپوں میں تقسیم کیا جائے گا، جب کہ 4 ٹیمیں سپر فور مرحلے میں پہنچیں گی۔
محسن نقوی نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں کم از کم دو مرتبہ آمنے سامنے آئیں گی، اور اگر دونوں فائنل تک پہنچیں تو تیسرا ٹاکرا بھی ممکن ہو گا۔
واضح رہے کہ ایشیا کپ کی میزبانی بھارت کے پاس تھی، لیکن بھارتی ٹیم کے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان نہ آنے کے فیصلے کے بعد پاکستان نے بھی بھارت نہ جانے کا عندیہ دیا تھا، جس کے بعد متحدہ عرب امارات کو نیوٹرل مقام کے طور پر چنا گیا۔
