پاکستان کے نوجوان بیٹر صائم ایوب بدقسمتی سے ایک ناخوشگوار ریکارڈ میں شامل ہوگئے۔ ایشیا کپ کے افتتاحی میچ میں عمان کے خلاف اوپننگ کرتے ہوئے وہ پہلی ہی گیند پر صفر پر آؤٹ ہوگئے۔
شاہ فیصل کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہونے والے صائم ایوب اپنے ٹی ٹوئنٹی کیریئر میں چوتھی بار ڈک پر پویلین لوٹے۔ اس کے ساتھ ہی وہ پاکستان کے اوپنرز محمد رضوان اور محمد حفیظ کے برابر آگئے ہیں۔
اس فہرست میں بابراعظم چھ بار صفر پر آؤٹ ہوکر سرفہرست ہیں، جب کہ کامران اکمل پانچ بار ڈک پر آؤٹ ہوکر دوسرے نمبر پر ہیں۔ صائم ایوب تیسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں، ان کے بعد حسن نواز اور شاہ زیب حسن تین تین بار صفر پر آؤٹ ہوئے۔
اعداد و شمار کے مطابق صائم ایوب کا ٹی ٹوئنٹی بیٹنگ اوسط 30 کے قریب اور اسٹرائیک ریٹ 136.22 ہے۔ کرکٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ نوجوان بیٹر میں ٹیلنٹ موجود ہے اور وہ آئندہ میچز میں بہتر کارکردگی دکھا کر تسلسل قائم کرسکتے ہیں۔
