ایشیا کپ 2025 کا گروپ مرحلہ آج بھارت اور عمان کے درمیان ہونے والے میچ کے ساتھ مکمل ہو جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق سپر فور مرحلے میں جگہ بنانے والی چاروں ٹیموں کا فیصلہ پہلے ہی ہو چکا ہے، اس لیے آج کے میچ کے نتیجے سے ٹورنامنٹ کے اگلے مرحلے پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔
سپر فور میں پاکستان، بھارت، سری لنکا اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف میدان میں اتریں گی۔ پہلا مقابلہ 20 ستمبر کو سری لنکا اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلا جائے گا، جب کہ 21 ستمبر کو روایتی حریف پاکستان اور بھارت ایک سنسنی خیز میچ میں آمنے سامنے ہوں گے۔
23 ستمبر کو پاکستان اور سری لنکا کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ اس کے بعد 24 اور 25 ستمبر کو بنگلہ دیش کی ٹیم پہلے بھارت اور پھر پاکستان کے خلاف کھیلے گی۔ سپر فور مرحلے کا آخری میچ 26 ستمبر کو بھارت اور سری لنکا کے درمیان شیڈول ہے۔
سپر فور کے اختتام پر پوائنٹس ٹیبل میں سرفہرست دو ٹیمیں ٹورنامنٹ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔







