ایران نے امریکہ کے حالیہ فضائی حملوں پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ وہ ان جارحانہ اقدامات کا پوری طاقت سے مقابلہ کرے گا۔
نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی تسنیم کے مطابق، ایرانی وزارتِ خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ امریکہ نے ایران کی جوہری تنصیبات پر حملہ کر کے بین الاقوامی قوانین کی کھلم کھلا اور سنگین خلاف ورزی کی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ دنیا یہ نہ بھولے کہ مذاکراتی عمل کے دوران سب سے بڑی بدعہدی خود امریکہ نے کی، جو اسرائیل کی جارحانہ کارروائیوں کی حمایت کے ذریعے ایران کے خلاف ایک خطرناک جنگ کی بنیاد رکھ چکا ہے۔
ایرانی وزارتِ خارجہ نے امریکہ پر الزام عائد کیا کہ وہ نہ تو کسی بین الاقوامی قانون کا پابند ہے، نہ اخلاقیات کا، اور ایک قابض اور نسل کش ریاست کی پشت پناہی میں کسی بھی حد تک جا سکتا ہے۔
ایران نے زور دیا کہ وہ اپنے قومی مفادات، سلامتی اور خودمختاری کے دفاع کے لیے امریکی حملوں اور اس کے اتحادیوں کے خلاف بھرپور مزاحمت کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
