آج کی تاریخ

ایران پر امریکی حملوں کے بعد تابکاری میں اضافہ نہیں ہوا، بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کی تصدیق

ایران پر امریکی فضائی حملوں کے بعد بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (IAEA) نے اعلان کیا ہے کہ ایرانی جوہری تنصیبات سے کسی قسم کی تابکاری کا اخراج نہیں ہوا اور تابکاری کی سطح معمول کے مطابق ہے۔
بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (IAEA) نے ایک سوشل میڈیا بیان میں بتایا کہ فردو، نطنز اور اصفہان میں موجود ایرانی جوہری مراکز پر حملوں کے بعد ایران سے باہر کسی قسم کی تابکاری خارج ہونے کے شواہد نہیں ملے۔
ایجنسی نے مزید کہا کہ جیسے جیسے مزید معلومات حاصل ہوں گی، وہ ایران کی جوہری تنصیبات پر اثرات کا مکمل جائزہ فراہم کرے گی۔
دوسری طرف، ایران کی ایٹمی توانائی تنظیم کے نائب سربراہ رضا کاردان نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ کسی بھی مقام پر تابکاری یا جوہری آلودگی ریکارڈ نہیں ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کے تحفظ کے لیے پیشگی حفاظتی انتظامات نافذ کیے گئے تھے، لہٰذا عوام کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔
اسی دوران کویت نے بھی اعلان کیا ہے کہ ایران پر حملوں کے بعد خلیجی علاقے میں تابکاری کی سطح میں کوئی غیر معمولی تبدیلی نہیں دیکھی گئی۔ نیشنل گارڈ کے مطابق خلیجی فضائی اور بحری حدود کا معائنہ کیا گیا، اور تابکاری کی سطح معمول پر رہی۔

شیئر کریں

:مزید خبریں