ایران نے اعلان کیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیل کے تین جنگی طیارے مار گرائے گئے ہیں، جن میں ایک پائلٹ ہلاک ہوا جبکہ دو پائلٹ گرفتار کر لیے گئے ہیں۔
ایرانی سرکاری ٹی وی کے مطابق ایرانی افواج نے اپنی فضائی حدود میں داخل ہونے والے ایک اور اسرائیلی ایف-35 طیارے کو بھی تباہ کیا ہے۔ اسرائیلی فوج کے بیان کے مطابق یہ طیارہ ملک کے مغربی حصے میں گر کر تباہ ہوا اور اس کے پائلٹ کو بچ نکلنے کے بعد ایرانی فورسز نے گرفتار کرلیا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق تیسرا طیارہ ممکنہ طور پر ایرانی ساختہ جدید فضائی دفاعی نظام کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔ اس سے قبل ایران نے دو مزید ایف-35 طیاروں کو بھی تباہ کیا تھا جن میں ایک پائلٹ جاں بحق جبکہ ایک خاتون پائلٹ گرفتار ہوچکی ہے۔
یہ شدید تصادم اُس وقت شروع ہوا جب اسرائیل نے تہران میں رہائشی عمارتوں پر حملے کیے، جن میں ایرانی فوج کے اعلیٰ افسران اور ایٹمی سائنس دانوں سمیت 100 افراد جاں بحق ہوئے۔ اس کے جواب میں ایران نے پانچ مرحلوں پر مشتمل جوابی حملوں میں بیلسٹک میزائل داغ کر اسرائیل کے 150 سے زائد فوجی و انٹیلی جنس اہداف کو تباہ کیا اور 10 سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے۔
ایرانی افواج اب خودکش ڈرونز کے ذریعے اسرائیلی اہداف کو مسلسل نشانہ بنا رہی ہیں جبکہ آنے والے گھنٹوں میں مزید میزائل حملوں کا امکان ہے۔ دوسری طرف اسرائیل نے بھی ایران کے 150 سے زائد مقامات پر جوابی کارروائیاں کی ہیں جن میں فوجی تنصیبات کو ہدف بنایا گیا۔
عالمی قوتیں دونوں ممالک پر کشیدگی کم کرنے پر زور دے رہی ہیں لیکن صورتحال مسلسل بگڑتی جا رہی ہے۔
