ایران میں امریکا اور اسرائیل کی مشترکہ فضائی کارروائیوں کے بعد افسوسناک تفصیلات سامنے آ رہی ہیں۔ تازہ اطلاعات کے مطابق ایک گرلز اسکول پر بمباری کی گئی جس نے ملک بھر میں شدید تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔
ایرانی سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ حملے کے وقت اسکول میں لگ بھگ 170 طالبات موجود تھیں۔ حکام کے مطابق ابتدائی رپورٹس میں کم از کم 51 افراد کے جاں بحق اور قریب 60 کے زخمی ہونے کی تصدیق کی گئی ہے، جن میں طالبات اور تدریسی عملہ شامل ہیں۔
سرکاری ذرائع نے خبردار کیا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے کیونکہ کئی افراد اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں اور امدادی ٹیمیں مسلسل ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں۔
عینی شاہدین کے مطابق حملہ صبح کے اوقات میں کیا گیا اور عمارت کو براہِ راست نشانہ بنایا گیا۔ جائے وقوعہ پر ریسکیو اہلکار ملبہ ہٹا کر متاثرین کو نکالنے اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کرنے کا عمل جاری رکھے ہوئے ہیں۔
دوسری جانب اسرائیلی حکام کی طرف سے اس مخصوص واقعے پر فوری طور پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا، البتہ اسرائیلی فوج نے شہریوں کو عسکری تنصیبات اور حساس مقامات سے دور رہنے کی ہدایت جاری کی تھی۔







