آج کی تاریخ

ایران میں اسرائیل سے تعلق کے شبے میں گرفتاریاں

ایران کے شہر یزد میں اسرائیل سے روابط کے الزام میں 5 افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق سیکیورٹی اداروں نے یزد میں 5 افراد کو تصاویر لینے اور اسرائیل کے لیے جاسوسی کرنے کے شبے میں گرفتار کیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ گرفتاریاں ایران اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران عمل میں آئی ہیں، تاہم اس بارے میں مزید تفصیلات فی الحال منظرعام پر نہیں آئیں۔
یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں اسرائیل نے جمعہ کو علی الصبح ایران پر حملہ کر کے باقاعدہ جنگ چھیڑ دی تھی۔ اس حملے کے جواب میں ایران نے بھی بھرپور جوابی کارروائی کی اور آپریشن “وعدہ صادق سوم” کے تحت چار مرحلوں میں 200 سے زائد میزائل اسرائیل پر داغے۔
اسرائیل نے ایران میں متعدد مقامات پر فضائی حملے کیے جن میں فوجی قیادت کے رہائشی مقامات، فوجی اور جوہری تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔ ان حملوں میں 6 سائنسدانوں سمیت ایرانی پاسداران انقلاب کے سربراہ جنرل حسین سلامی، ایرانی فوج کے چیف آف اسٹاف جنرل باقری، ختم الانبیا ہیڈ کوارٹر کے کمانڈر میجر جنرل غلام علی راشد اور کئی دیگر سینئر فوجی افسران شہید ہو چکے ہیں۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق ایران کے میزائل حملوں کے نتیجے میں اب تک 4 اسرائیلی شہری ہلاک جبکہ 60 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں