بالی ووڈ کی مشہور اداکارہ انوشکا شرما اور کرکٹ اسٹار ویرات کوہلی کا لندن منتقل ہونے کا راز بالاخر سامنے آ گیا ہے۔ یہ فیصلہ کوئی معمولی پیشہ ورانہ نہیں بلکہ ایک ذاتی خواہش کا نتیجہ ہے، وہ خواہش جو ہر مشہور شخصیت کے دل میں ہوتی ہے، مگر وہ اسے بول نہیں پاتے، یعنی ’’عام زندگی‘‘ گزارنے کی خواہش۔
اس انکشاف کا تعلق مادھوری ڈکشٹ کے شوہر ڈاکٹر سری رام نینے کے ایک پوڈکاسٹ سے ہے، جس میں انہوں نے انوشکا سے ایک ذاتی بات چیت کا ذکر کیا۔ ڈاکٹر نینے کے مطابق، انوشکا اور ویرات نے بھارت میں اپنی بڑھتی ہوئی شہرت اور مسلسل عوامی توجہ سے تنگ آ کر یہ قدم اٹھایا۔ ’’وہ چاہتے تھے کہ ان کے بچے ایک عام ماحول میں پرورش پائیں، جہاں ہر چھوٹی حرکت پر کیمرے کا فلاش نہ چمکے‘‘۔
انہوں نے کہا کہ بھارت میں رہتے ہوئے یہ جوڑا اپنی ذاتی زندگی کے معمولات سے لطف اندوز نہیں ہو پاتا تھا۔ ’’باہر کھانے جانا ہو، پارک میں سیر کرنا ہو یا بچوں کے ساتھ وقت گزارنا ہو، ہر جگہ ان کے پیچھے مداحوں اور میڈیا کا ہجوم ہوتا تھا‘‘۔ یہی وجہ تھی کہ انوشکا اور ویرات نے لندن کو اپنا مستقل ٹھکانہ بنانے کا فیصلہ کیا، تاکہ وہ اپنی زندگی زیادہ پرائیویسی کے ساتھ گزار سکیں۔
انوشکا اور ویرات کی ملاقات 2013 میں ایک کمرشل شوٹ کے دوران ہوئی تھی، اور 2017 میں انہوں نے شادی کی۔ ان کی بیٹی وامیکا 2021 میں اور بیٹے اکائے کی پیدائش فروری 2024 میں ہوئی۔ ڈاکٹر نینے کے مطابق، ’’یہ فیصلہ جذباتی تھا لیکن اس کے پیچھے ایک واضح مقصد تھا، اپنے بچوں کو ایک متوازن اور خوشگوار زندگی دینا‘‘۔
پیشہ ورانہ طور پر ویرات کوہلی ابھی بھی کرکٹ میں سرگرم ہیں اور آئی پی ایل 2024 میں رائل چیلنجرز بنگلور کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ کھیل کے میدان سے باہر، وہ اپنی فیملی کے ساتھ ایک سکونت زندگی گزارنا چاہتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ لندن ان کا نیا گھر بن چکا ہے۔
