انسداد دہشت گردی عدالت کی کارروائی: عارف علوی، علی امین گنڈاپور سمیت 50 پی ٹی آئی رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری جاری

اسلام آباد: انسداد دہشت گردی عدالت نے سابق صدر ڈاکٹر عارف علوی، خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور سمیت پاکستان تحریک انصاف کے 50 اہم رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔
یہ احکامات تھانہ کراچی کمپنی میں درج مقدمہ نمبر 1193 کی سماعت کے دوران جاری کیے گئے۔ عدالت نے 26 نومبر کو ہونے والے احتجاج سے متعلق کیس میں آج مزید 41 پی ٹی آئی رہنماؤں کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کیے، جب کہ اس سے قبل 9 رہنماؤں کے وارنٹ پہلے ہی جاری ہو چکے تھے۔ یوں مجموعی طور پر 50 رہنماؤں کے خلاف وارنٹ گرفتاری جاری ہو چکے ہیں۔
ملزمان میں سابق صدر عارف علوی، عبدالقیوم نیازی، شبلی فراز، فیصل جاوید، سلمان اکرم راجا، روف حسن، مراد سعید، احمد نیازی سمیت دیگر اہم شخصیات شامل ہیں۔
اسی طرح وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور، اسد قیصر، حماد اظہر، عاطف خان، شعیب شاہین، اعظم سواتی، عمر ایوب، صاحبزادہ حامد رضا، علیمہ خانم، شیخ وقاص اکرم، کنول شوزب، شاندانہ گلزار اور شیر افضل مروت کے بھی وارنٹ جاری کیے گئے ہیں۔
عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے حکم دیا ہے کہ تمام نامزد افراد کو فوری گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا جائے۔
واضح رہے کہ راولپنڈی ڈویژن میں 24 اور 26 نومبر کو ہونے والے واقعات کے سلسلے میں 32 مقدمات درج ہیں، جن میں سابق خاتون اول بشریٰ بی بی بھی تھانہ ٹیکسلا میں درج کانسٹیبل قتل کیس میں نامزد ہیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں