ڈیرہ غازی خان (ڈسڑکٹ رپورٹر ) اسسٹنٹ کمشنر کوٹ چھٹہ ذوالفقار علی خان کو شہریوں کی مبینہ تذلیل کے واقعہ پر معطل کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق تحصیل کوٹ چھٹہ میں احترامِ رمضان آرڈیننس پر عملدر آمد کے دوران چند شہریوں کو رسیوں سے باندھ کر شہر میں گھمانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس پر عوامی حلقوں میں شدید ردعمل سامنے آیا۔ واقعہ کے بعد ضلعی انتظامیہ نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری کارروائی کی۔ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد کی جانب سے ابتدائی انکوائری کے بعد اسسٹنٹ کمشنر کوٹ چھٹہ کو معطل کرنے کے احکامات جاری کیے گئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ شہریوں کی عزتِ نفس کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور کسی بھی سرکاری افسر کو اختیارات کے ناجائز استعمال کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔واضح رہے کہ ذوالفقار علی خان اس سے قبل بھی بطور اسسٹنٹ کمشنر جلال پور پیروالا خدمات انجام دے چکے ہیں جہاں انہیں سیلاب کے دوران مبینہ انتظامی غفلت پر معطل کیا گیا تھا۔ چھ ماہ کے عرصہ میں یہ ان کی دوسری معطلی ہے جس نے انتظامی حلقوں میں تشویش پیدا کر دی ہے۔شہری و سماجی حلقوں نے حکومت پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعہ کی شفاف تحقیقات کر کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔ دوسری جانب ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ انکوائری مکمل ہونے کے بعد مزید قانونی و محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔






