بہت سے فٹنس کے شوقین افراد اپنی ورزش کی کارکردگی کو بڑھانے کے لیے انرجی ڈرنکس کا استعمال کرتے ہیں، تاہم یہ مشروبات بالوں کی صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتے ہیں۔
انرجی ڈرنکس میں موجود کیفین اور شوگر فوری توانائی فراہم کرتے ہیں، مگر ان کے استعمال کے بعض منفی اثرات بھی ہو سکتے ہیں، خاص طور پر بالوں کے گرنے کے حوالے سے۔ عالمی تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ انرجی ڈرنکس اور بالوں کے مسائل کے درمیان ایک تعلق موجود ہے۔
ماہرین کے مطابق ان مشروبات میں شامل کیفین، شوگر، امینو ایسڈز اور دیگر اجزاء بالوں کی صحت پر منفی اثرات ڈالتے ہیں۔ نیوٹریئنٹس جرنل میں شائع ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق کیفین اور شوگر کا زیادہ استعمال ہارمونل توازن کو متاثر کرتا ہے جس کے نتیجے میں بالوں کے گرنے میں اضافہ ہوتا ہے، اور یہ اثر مردوں میں زیادہ نمایاں ہوتا ہے۔
سنگھوا یونیورسٹی کی ایک تحقیق کے مطابق انرجی ڈرنکس کا مسلسل استعمال مردوں میں گنج پن کے خطرے کو 30 فیصد تک بڑھا سکتا ہے۔ ان مشروبات میں موجود کچھ اجزاء بالوں کے گرنے کو تیز کر سکتے ہیں، خاص طور پر جب ان کا استعمال مسلسل کیا جائے۔
زیادہ تر انرجی ڈرنکس میں کیفین شامل ہوتا ہے، جو افراد کو توانائی دینے کے لیے جانا جاتا ہے۔ تاہم، ماہرین کا کہنا ہے کہ کیفین انسولین کی سطح بڑھا سکتا ہے، جس کے نتیجے میں بالوں کے گرنے سے جڑے ہارمون ڈائی ہائیڈروٹیسٹوسٹیرون کی پیداوار میں اضافہ ہوتا ہے۔
