چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ یہ نہیں ہوسکتا کہ ہم بھارت میں جاکر کھیلیں اور وہ پاکستان میں نہ کھیلے، امید ہے چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہی ہوگی، جو فیصلہ ہوگا پاکستان کے لیے بیسٹ کرکے نکلیں گے۔
انہوں نے کہا کہ قذافی اسٹیڈیم انٹرنیشنل معیار کا ہوگیا ہے، اسٹیڈیم کی تعمیر نو کا کام 10اکتوبر کو شروع ہوا تھا، اسٹیڈیم کی گنجائش 35 سے40 ہزار تک ہوجائے گی، شائقین کرکٹ کا ویو بہت بہتر ہوجائے گا۔
محسن نقوی نے کہا کہ میں چاہتا تھا راولپنڈی کا اسٹیڈیم بھی ساتھ تیار ہوتا، مجھے پنڈی اسٹیڈیم کی رپورٹ پہلے مل جاتی تو کچھ بہتر ہوتا، ساری صورتحال دیکھ کر آئی سی سی اجلاس سے بہتر چیز لے کر نکلیں گے۔
واضح رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے مستقبل پر غور کے لیے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی بورڈ میٹنگ جمعے کو ہوگی۔
ذرائع کے مطابق بورڈ اجلاس میں چیمپئنز ٹرافی کیلئے ہائبرڈ ماڈل اپنانے کا آپشن پیش کیا جائے گا ، اور پاکستان کو منانے کی کوشش کی جائے گی ، لیکن پاکستان پہلے ہی ہائبرڈ ماڈل کو مسترد کرچکا ہے اور ووٹنگ پر فیصلہ پاکستان مخالف ہونے پر پی سی بی حکومت سے مشورہ کرکے جواب دے گا۔