اسرائیل نے ایک مرتبہ پھر امن معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غزہ میں خوفناک فضائی حملہ کیا، جس میں ایک ہی خاندان کے 11 افراد جاں بحق ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں سات معصوم بچے اور تین خواتین شامل ہیں، جو اپنے گھر واپس جا رہے تھے۔
عینی شاہدین کے مطابق واقعہ غزہ کے علاقے الزیتون میں پیش آیا، جہاں اسرائیلی طیارے نے ایک کار کو نشانہ بنایا۔ حملے کے بعد گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی اور تمام افراد موقع پر ہی شہید ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق، یہ حملہ جنگ بندی کے باوجود کیا گیا، جس سے خطے میں دوبارہ کشیدگی بڑھنے لگی ہے۔
فلسطینی تنظیم حماس نے اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ صیہونی فوج جان بوجھ کر نہتے شہریوں کو نشانہ بنا رہی ہے۔ حماس کے ترجمان نے مزید کہا کہ یہ حملہ مصر کی ثالثی میں طے پانے والے معاہدے کی صریح خلاف ورزی ہے اور عالمی برادری کو اس پر فوری اقدام کرنا چاہیے۔
دوسری جانب انسانی حقوق کی تنظیموں نے اس حملے کو انسانیت کے خلاف سنگین جرم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل نے ایک بار پھر امن اور انسانی اصولوں کی توہین کی ہے۔








