امریکی میگزین کی رپورٹ: پاکستان دوبارہ عالمی توجہ کا مرکز

اسلام آباد: امریکی میگزین دی ڈپلومیٹ نے پاکستان کو 2025 میں عالمی توجہ کا مرکز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سال پاکستان نے کئی سالوں بعد دوبارہ اسٹریٹجک اور عسکری اہمیت میں نمایاں کردار ادا کیا۔ میگزین کے مطابق پاکستان کی عسکری قیادت نے ریاستی مفادات اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے مضبوط اقدامات کیے اور انتہا پسندی کے خلاف واضح موقف اختیار کیا، جہاں آرمی چیف نے دوٹوک انداز میں کہا کہ جہاد کے اعلان کا اختیار صرف ریاست کے پاس ہے۔
دی ڈپلومیٹ کے مطابق 2025 میں پاکستان کی فوج نے بھارت کے ساتھ مئی میں پیش آنے والی فوجی جھڑپوں میں موثر کارکردگی کا مظاہرہ کیا، جس سے عالمی سطح پر پاکستان کی دفاعی ساکھ اور عسکری توازن مضبوط ہوا۔ فوج کی محدود وسائل کے باوجود کامیاب کارروائی نے نہ صرف داخلی چیلنجز کے باوجود ڈیٹرینس کو تقویت دی بلکہ عالمی دفاعی ماہرین کی توجہ بھی پاکستان کی طرف مرکوز ہوئی۔
میگزین کے مطابق پاکستان کی عسکری قیادت کے پیشہ ورانہ فیصلوں نے علاقائی اور بین الاقوامی تعلقات پر بھی اثر ڈالا۔ بھارت کے خلاف کامیابی کے بعد پاکستان اور امریکہ کے تعلقات میں بہتری دیکھی گئی، جبکہ سعودی عرب کے ساتھ باہمی دفاعی معاہدے نے پاکستان کے علاقائی کردار کو مضبوط کیا۔ چین نے پاکستان کے دفاعی ہتھیاروں کی عملی کارکردگی کو سراہا اور سی پیک کے دوسرے مرحلے کے لیے سازگار عالمی ماحول پیدا ہوا۔
افغانستان اور ٹی ٹی پی کے معاملے پر پاکستان نے واضح اور سخت موقف اپنایا، دہشت گردی کے خلاف اقدامات میں داخلی کامیابیاں حاصل کی گئیں اور دیگر ممالک کے ساتھ تعاون بڑھایا گیا۔ میگزین کے مطابق پاکستان میں انتہا پسندی کے خلاف مؤثر اقدامات، اصلاحات اور پی آئی اے کی نجکاری جیسے اقدامات ریاستی پالیسی کی نئی علامت اور معاشی ترقی کے لیے اہم پیش رفت کے طور پر دیکھے جا سکتے ہیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں