لندن / تل ابیب:امریکا کی درخواست پر برطانوی فوج کے اہلکاروں کو اسرائیل میں تعینات کر دیا گیا ہے تاکہ وہ غزہ کے امن منصوبے کی نگرانی اور معاونت کر سکیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانوی فوج کے ایک سینئر کمانڈر کے ہمراہ محدود تعداد میں اہلکار اسرائیل پہنچ چکے ہیں جو امریکی نگرانی میں جاری منصوبے میں تکنیکی اور عسکری تعاون فراہم کریں گے۔
برطانوی وزیرِ دفاع جان ہیلی نے لندن میں کاروباری رہنماؤں سے خطاب کرتے ہوئے اس تعیناتی کی تصدیق کی۔ ان کا کہنا تھا کہ برطانوی فورسز اپنی پیشہ ورانہ صلاحیت اور تجربے کے ذریعے خطے میں پائیدار امن کے قیام میں اہم کردار ادا کریں گی۔
انہوں نے بتایا کہ ایک برطانوی اعلیٰ افسر کو امریکی کمانڈر کا ڈپٹی کمانڈر مقرر کیا گیا ہے جو سول ملٹری کوآرڈی نیشن سینٹر کی سربراہی کرے گا۔ اس مرکز میں مصر، قطر، ترکیہ اور متحدہ عرب امارات کے فوجی بھی شامل کیے جانے کا امکان ہے۔
یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی ہے جب چند روز قبل برطانیہ کی نئی وزیرِ خارجہ ایویٹ کوپر نے اسرائیل میں فوجی تعیناتی کی تردید کی تھی، تاہم تازہ اقدام برطانوی خارجہ پالیسی میں ممکنہ تبدیلی کا اشارہ دیتا ہے۔








