آج کی تاریخ

امریکی حکومت نے قومی قرض اتارنے کے لیے عوام سے آن لائن عطیات مانگ لیے

امریکی حکومت نے اپنی سرکاری ویب سائٹ Pay.gov کے ذریعے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ PayPal اور Venmo جیسے آن لائن پلیٹ فارمز کے ذریعے ملک کے بڑھتے ہوئے قرضے کو کم کرنے میں مالی مدد فراہم کریں۔
تفصیلات کے مطابق امریکہ پر اس وقت مجموعی قرضہ 36.7 ٹریلین ڈالرز کے قریب پہنچ چکا ہے۔ محکمہ خزانہ نے “Gifts to Reduce the Public Debt” کے نام سے ویب سائٹ پر ایک علیحدہ سیکشن مختص کیا ہے، جہاں شہری اپنی مرضی سے کریڈٹ/ڈیبٹ کارڈ یا بینک ٹرانسفر کے ذریعے عطیات جمع کروا سکتے ہیں۔
یہ اسکیم سب سے پہلے 1996 میں شروع کی گئی تھی، اور اب تک عوام کی طرف سے 67.3 ملین ڈالرز کے قریب عطیات دیے جا چکے ہیں، جو موجودہ قرضے کے حجم کے مقابلے میں بہت معمولی رقم ہے۔
سال 2024 میں امریکی شہریوں نے لگ بھگ 2.7 ملین ڈالرز کا تعاون کیا جبکہ 2025 کے ابتدائی پانچ ماہ میں صرف 434,500 ڈالرز جمع ہوئے۔
اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ قرض بڑھنے کی رفتار تشویشناک ہے، کیونکہ ہر سیکنڈ میں تقریباً 55,000 ڈالرز کا اضافہ ہو رہا ہے۔ ماہرین خبردار کر چکے ہیں کہ اگر حکومت نے بروقت سخت معاشی فیصلے نہ کیے تو امریکا شدید مالی بحران میں مبتلا ہو سکتا ہے۔
سوشل میڈیا پر اس اقدام پر شدید ردِعمل سامنے آیا ہے۔ کئی صارفین نے اسے ایک “طنز یا مذاق” قرار دیا ہے۔ ایک صارف نے لکھا کہ حکومت پہلے ہی ٹیکس اور مہنگائی کے ذریعے عوام کی آمدنی کا بڑا حصہ لے لیتی ہے، اب قرض اتارنے کے لیے بھی عوام سے مانگنا شروع کر دیا ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں