واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 2016 کے صدارتی انتخابات میں مبینہ روسی مداخلت کے حوالے سے جاری تحقیقات پر سابق صدر باراک اوباما پر سخت تنقید کرتے ہوئے انہیں سنگین الزامات سے نوازا ہے۔
ٹرمپ نے مطالبہ کیا ہے کہ اُن افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے جنہوں نے انتخابات میں مداخلت کے بارے میں جھوٹے الزامات عائد کیے۔
انہوں نے کہا کہ اس سازش میں سابق صدر اوباما کا براہِ راست کردار ہے اور یہ عمل “غداری” کے زمرے میں آتا ہے۔
ٹرمپ نے مزید دعویٰ کیا کہ اوباما نے سابق وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن اور دیگر کے ساتھ مل کر حکومت کے خلاف بغاوت کی قیادت کی، اور انہیں “رنگے ہاتھوں” پکڑا گیا ہے۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، سابق رکن کانگریس تلسی گبارڈ نے بھی انٹیلی جنس دستاویزات کی روشنی میں کہا تھا کہ اوباما انتظامیہ کے اہلکاروں نے جان بوجھ کر روسی مداخلت کے حوالے سے “جعلی کہانی” تیار کی تھی۔
اس بیان کے بعد ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر ایک مصنوعی ذہانت (AI) پر مبنی ویڈیو بھی شیئر کی، جس میں اوباما کی گرفتاری دکھائی گئی تھی۔
یاد رہے کہ 2016 کے صدارتی انتخابات میں ٹرمپ نے توقعات کے برخلاف ہیلری کلنٹن کو شکست دی تھی، جس کے بعد امریکا میں یہ بحث چھڑی کہ آیا روس نے واقعی ٹرمپ کی جیت میں مدد فراہم کی تھی یا نہیں۔
