الیکشن 3 ماہ کیلئے ملتوی کرانے کی ایک اور قرارداد سینیٹ میں جمع کرادی گئی ہے ۔قرارداد میں کہا گیا کہ سیکیورٹی چیلنجز کے پیش نظر انتخابات 3 ماہ کیلئے ملتوی کیے جائیں۔سینیٹ الیکشن کمیشن اور سپریم کورٹ پر زور دیتا ہےوہ پرامن الیکشن انعقاد پر غور کرے۔ امیدواروں کونشانہ بنانے کے بڑھتےواقعات میں اضافے پر گہری تشویش ہے۔ قرارداد آزاد پارلیمانی گروپ کے سینیٹر ہدایت اللہ نے جمع کرائی۔
اس سے قبل 5 جنوری کو سینیٹ میں 8 فروری کے عام انتخابات کو معطل کرنے کی قرارداد کثرت رائے سے منظور کر لی گئی تھی۔سینیٹر دلاور خان پیش کردہ قرار داد میں کہا گیا تھا کہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں صورتحال خراب ہے۔ مولانا فضل الرحمان اور محسن داوڑ پرحملے ہوئے ہیں جب کہ ایمل ولی خان اور دیگر سیاسی رہنماؤں کو تھریٹ ملے ہیں۔ الیکشن کے انعقاد کے لئے ساز گار ماحول فراہم کیا جانا چاہیے۔یہ بھی مطالبہ کیا گیا کہ چھوٹے صوبوں میں الیکشن مہم کیلئے مساوی حق دیا جائے۔







