افغان حکومت وعدے پورے کرے، پاکستان اور کرغزستان کا مشترکہ مطالبہ

اسلام آباد: پاکستان اور کرغزستان نے افغان حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ عالمی برادری سے کیے گئے وعدوں کی پابندی کرے اور پاکستان کے سیکیورٹی سے متعلق خدشات کا عملی حل پیش کرے۔ دونوں ممالک کے درمیان توانائی، معدنیات، تجارت، تعلیم، قانون و انصاف، ثقافت اور سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے 15 معاہدوں پر دستخط کیے گئے، جبکہ باہمی تجارت کا حجم 200 ملین ڈالر تک لے جانے پر اتفاق بھی کیا گیا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف اور کرغزستان کے صدر صادر ژاپاروف کے درمیان وفود کی سطح پر اہم ملاقات ہوئی، جس میں پاکستان کی جانب سے ڈپٹی وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، دیگر وفاقی وزراء اور اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔
وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان کرغزستان کے ساتھ اپنے برادرانہ اور دیرینہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ روابط کے فروغ کے لیے پاکستان کی ’ویژن سینٹرل ایشیا‘ پالیسی کے تحت اپنے بھرپور عزم کا اعادہ کیا۔
دونوں رہنماؤں نے تاریخی رشتوں، مشترکہ تہذیبی اقدار اور علاقائی استحکام کے مشترکہ وژن کی بنیاد پر قائم تعلقات کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا۔ انہوں نے تجارت، توانائی، رابطہ کاری اور عوامی سطح پر تعلقات کے شعبوں میں شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کا بھی عزم ظاہر کیا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں