آج کی تاریخ

اسٹیٹ بینک شرح سود اور ایکسچینج ریٹ پر کام کر رہا ہے، معاشی صورتحال بہتر ہوگی

کراچی: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ اسٹیٹ بینک کرنسی ایکسچینج ریٹ اور شرح سود پر مؤثر طریقے سے کام کر رہا ہے اور جیسے جیسے معاشی استحکام آئے گا، صورتحال مزید بہتر ہوگی۔
پاکستان ہندو کونسل کے تحت ایکسپر سینٹر کراچی میں ملازمت و تعلیمی ایکسپو کا افتتاح وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کیا، جہاں مختلف اداروں اور کمپنیوں نے طلبہ و طالبات کے لیے تقریباً 120 اسٹالز قائم کیے۔
جاب فیئر کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ منتظمین کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ یہاں ملک کے مستقبل کی قیادت سے ملاقات کا موقع ملا۔ سرکاری اور نجی ادارے موجود ہیں، تاہم کارپوریٹ سیکٹر کی شمولیت کم محسوس ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی مستقبل کا راستہ ہے اور نوجوانوں کو دل و دماغ سے کام کرنا چاہیے اور ہمیشہ بہترین کی تلاش میں رہنا چاہیے۔
یوم آزادی کے حوالے سے وزیر خزانہ نے کہا کہ ملک میں تمام مذاہب کے ماننے والوں نے جذبہ حب الوطنی کے ساتھ اس دن کو منایا۔ انہوں نے کہا کہ کارپوریٹ سیکٹر کو آگے آنا ہوگا اور شرح سود کو صرف سنگل ایجنڈا نہ بنایا جائے۔ نمو کے لیے کوئی شارٹ کٹ نہیں ہے، بلکہ پائیدار ترقی کے لیے ماحول فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کامیابی کے ساتھ کام کر رہی ہے اور ملک اے آئی ورلڈ کی طرف بڑھ رہا ہے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ ملک میں معاشی استحکام آ چکا ہے اور تین بڑی ریٹنگ ایجنسیاں پاکستان کے بارے میں مثبت موقف رکھتی ہیں۔ اسٹیٹ بینک اسٹیبلشمنٹ کے مطابق ایکسچینج ریٹ اور شرح سود پر کام کر رہا ہے، اور جیسے جیسے استحکام آئے گا، صورتحال بہتر ہوگی۔

شیئر کریں

:مزید خبریں