اسٹیبلشمنٹ، شریف اور زرداری خاندان پاکستان کا بیڑا غرق کررہے ہیں، حافظ نعیم الرحمان

لاہور: جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ نے شریف اور زرداری خاندان کے معاملات میں مداخلت کر رکھی ہے اور یہ سب مل کر پاکستان کے مستقبل کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل اسٹیبلائزیشن فورس میں پاکستان کی شمولیت بالکل ناقابل قبول ہے۔
منصورہ میں پریس کانفرنس کے دوران حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ فارم 47 کے ذریعے لائے جانے والے افراد ووٹ کے لیے اہل نہیں اور ان میں کوئی خاص صلاحیت نہیں ہے، جس کی وجہ سے ہمارا موجودہ ہائبرڈ نظام ناکام ہوچکا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صرف 10 ارب میں پی آئی اے جیسا ادارہ فروخت کردیا گیا، لیکن وزیراعلیٰ کا نیا طیارہ 11 ارب میں خریدا گیا۔ پاکستان نے اشتہارات کے شعبے میں ترقی کی ہے، لیکن پچھلے 6 سال میں غربت میں 31.5 فیصد اضافہ ہوا ہے، اور قوم کے ٹیکس کے پیسوں سے حکمرانوں کی پروموشن کی جا رہی ہے۔
حافظ نعیم نے کہا کہ زراعت کے شعبے میں گروتھ 600 فیصد کم ہوئی ہے، حکومت نے کسانوں کی حالت خراب کر دی، گندم 1800 روپے میں خریدی گئی جبکہ مارکیٹ میں 6 ہزار میں فروخت ہوئی، درمیان کا فرق کس کے پاس جاتا ہے یہ واضح نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بورڈ آف پیس میں پاکستان کی شمولیت پر نہ پارلیمنٹ سے مشورہ ہوا اور نہ کابینہ میں کوئی بات ہوئی۔ بورڈ آف پیس میں غزہ کی تباہی کے ذمہ دار حماس کو قرار دیا گیا۔ فارم 47 والی پارلیمنٹ کو بھی اس معاملے میں شامل نہیں کیا گیا اور فیصلہ خود کر لیا گیا۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ غزہ میں پاکستان کی فوج نہیں بھیجنی چاہئے۔ اگر افواج کو امریکا کی کمانڈ میں بھیجا گیا تو وہ احتجاج کریں گی؟ انہوں نے زور دیا کہ انٹرنیشنل اسٹیبلائزیشن فورس میں شمولیت ناقابل قبول ہے اور وہ 25 کروڑ عوام کے ساتھ مل کر اس کے خلاف مزاحمت کریں گے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں