کراچی: ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کے اعلان کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی ریکارڈ کی گئی۔
منگل کے روز کاروباری ہفتے کے دوسرے دن اسٹاک مارکیٹ میں پُر اعتماد آغاز دیکھنے میں آیا، 100 انڈیکس میں 5878 پوائنٹس کا نمایاں اضافہ ہوا، جس سے انڈیکس 122045 کی سطح پر پہنچ گیا۔ 100 انڈیکس میں 5 فیصد اضافہ ہونے کے بعد ٹریڈنگ عارضی طور پر روک دی گئی۔
کاروباری دن کے اختتام پر 100 انڈیکس میں مجموعی طور پر 6079 پوائنٹس کا اضافہ دیکھا گیا اور انڈیکس 122246 پوائنٹس پر بند ہوا۔ دن بھر کاروبار 2355 پوائنٹس کی حد میں رہا۔
آج مارکیٹ میں 80 کروڑ 47 لاکھ شیئرز کی خرید و فروخت ہوئی، جو گزشتہ روز کے مقابلے میں 35 فیصد زیادہ ہے، جبکہ کاروبار کی مالیت 37 ارب 61 کروڑ روپے رہی، جو گزشتہ دن کے مقابلے میں 60 فیصد زیادہ ہے۔ مارکیٹ کی مجموعی مالیت (مارکیٹ کیپٹلائزیشن) میں 714 ارب روپے کا اضافہ ہوا، جو بڑھ کر 14778 ارب روپے تک جا پہنچی۔
خیال رہے کہ ایک روز قبل مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے باعث اسٹاک مارکیٹ شدید دباؤ کا شکار رہی تھی، اور 100 انڈیکس میں 3855 پوائنٹس کی گراوٹ ریکارڈ کی گئی تھی، جس سے انڈیکس 116167 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔
تاہم منگل کی صبح امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کا اعلان کیا، جس کی باقاعدہ تصدیق اسرائیلی وزیراعظم نے بھی کی۔ پاکستان وقت کے مطابق صبح 9 بجے ایران نے جنگ بندی پر عمل درآمد شروع کیا، جبکہ اسرائیل نے بھی اپنی فضائی حدود کھول دی۔ امریکی صدر نے دونوں فریقین سے جنگ بندی کا احترام کرنے اور کسی بھی خلاف ورزی سے گریز کی اپیل بھی کی ہے۔
