اسمارٹ میٹرز کی قیمتوں میں 40 فیصد کمی، وفاقی وزیر اویس لغاری کا اعلان

اسلام آباد: وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے اعلان کیا ہے کہ بجلی کے اسمارٹ میٹرز کی قیمتوں میں 40 فیصد کمی واقع ہوئی ہے، جس کے نتیجے میں ملکی سطح پر 150 ارب روپے کی بچت ممکن ہوئی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ بروقت اور مؤثر اقدامات، شفافیت اور مسابقتی عمل کو فروغ دینے کی بدولت بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے لیے نئے اسمارٹ میٹرز کی قیمتیں نمایاں طور پر کم ہو گئی ہیں۔ تین فیز میٹر کی قیمت 45 ہزار روپے سے کم ہو کر 25 ہزار روپے ہو گئی ہے جبکہ سنگل فیز میٹر کی قیمت میں 7 ہزار روپے کی کمی واقع ہوئی ہے۔ اس بہتر حکمت عملی کے نتیجے میں پاکستان انجینئرنگ کے ریگولیشنز میں مثبت تبدیلیاں بھی آئیں۔
اویس لغاری نے بتایا کہ انٹرنیشنل کمپنیوں نے مسابقتی عمل میں بھرپور حصہ لیا اور انہیں درپیش رکاوٹیں ختم کر دی گئیں۔ مسلسل مانیٹرنگ اور اسمارٹ میٹرز کے لیے شفاف اور مسابقتی معیار مقرر کرنے کی بدولت ان میٹرز کی قیمتیں کم ہو گئی ہیں۔ 150 ارب روپے کی سالانہ بچت کا تخمینہ بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی طرف سے خراب اور پرانے میٹرز کی تنصیب میں مدد کے لیے لگایا گیا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ نئے اسمارٹ میٹرز کے نفاذ سے بجلی صارفین کو بھی اربوں روپے کی بچت ہوگی، کیونکہ اس سے نئے کنکشن کے ڈیمانڈ نوٹس کے اخراجات کم ہوں گے۔ اسمارٹ میٹرز کی بدولت غلط میٹر ریڈنگ اور بجلی چوری کی فوری نشاندہی ممکن ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسمارٹ میٹرز صارفین کو پیشگی ادائیگی کی سہولت، اپنے میٹرز کی براہ راست مانیٹرنگ، بجلی کے استعمال کی معلومات، بجلی کی بحالی اور دیگر بے شمار فوائد فراہم کریں گے، بغیر کسی لائن مین کی ضرورت کے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں