اسلحہ برانچ عملہ انچارج تبدیلی ،سیکرٹری داخلہ کے احکامات بہاولپور پہنچنے تک ٹھس

برانچ انچارج جی ایم

بہاولپور (کرائم سیل) سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل کے پنجاب کی اسلحہ برانچوں میں تعینات انچارج سمیت عملہ کی تبدیلی کے احکامات بہاولپور پہنچتے ہی دم
توڑتے نظر آ رہے ہیں کیونکہ انچارج اسلحہ برانچ جی ایم بدستور اپنی کرسی پر براجمان ہیں اور لائسنس برانچ کے تمام تر معمولات چلا رہے ہیں اور اسلحہ برانچ سے تبدیل ہونے سے بچنےکیلئے ہاتھ پاؤں مارنے کے ساتھ ساتھ افسران کو رام کرنے میں مصروف نظر آرہے ہیں ۔ شاید یہی وجہ ہے کہ سات جنوری کو سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل نے میرٹ کی بالادستی اور عوامی شکایت کے ازالےکیلئے پنجاب بھر میں اسلحہ برانچ میں تعینات عملہ جو کہ ایک سال سے زائد عرصے سے تعینات ہو کو تبدیل کرنے کے لیے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنر کو احکامات جاری کیے تھے جس پر وزارت داخلہ نے تو اسلحہ برانچ کا تمام عملہ تبدیل کر دیا تھا مگر نامعلوم وجوہات کی بناپر ڈپٹی کمشنر بہاولپور بھی انچارج اسلحہ برانچ بہاولپور کو تبدیل کرنا نہیں چاہتے ۔یاد رہے کہ بہاولپور اسلحہ برانچ میں جی ایم کافی عرصے سے انچارج تعینات ہیں۔ ذرائع کے مطابق جس کی مبینہ سہولت کاری سے درجنوں افراد جن میں بعض کریمنل ریکارڈ یافتہ ہیں اور کئی آرمرر (اسلحہ مرمت کرنے والے )شامل ہیں ناجائز اسلحہ کا کاروبار کر رہے ہیں اور اطلاعات کے مطابق کچے کے ڈاکوئوں تک کو اسلحہ سپلائی کرنے میں ملوث ہیں۔ ان ناجائز اسلحہ ڈیلروں کے خلاف جب کوئی قانون نافذ کرنے والا ادارہ کاروائی کرنا چاہتا ہے تو جی ایم کی سہولت کاری سے صاف بچ جاتے ہیں جس کی کئی زندہ مثالیں موجود ہیں۔ اسلحہ ڈیلر کا انچارج اسلحہ برانچ سے گٹھ جوڑ روزنامہ قوم بھی بے نقاب کر چکا ہے جس کے بعد سورس رپورٹوں پر محکمہ انٹی کرپشن میں بھی اسلحہ ڈیلر اور جی ایم کے خلاف ایک انکوائری زیر سماعت ہے ٹھوس ثبوتوں پر مشتمل سورس رپورٹوں پر ہونے والی انکوائری نمبر 612/24 میں انٹی کرپشن کی جانب سے بہت جلد مقدمہ بھی متوقع ہے۔ شہر کے سنجیدہ حلقوں نے ڈپٹی کمشنر بہاولپور سے سیکرٹری داخلہ پنجاب کے احکامات کے مطابق انچارج اسلحہ برانچ
کی فوری تبدیلی کا مطالبہ کیا ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں